نئی دلی: بھارت کے دارالحکومت نئی دلی میں ہندو انتہا پسندوں نے پاکستان ایئرلائن کے دفتر پر حملہ کرکے عملے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ انتہا پسندوں کے پاکستان مخالف نعرے بازی بھی کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی کے برکھاہمبا روڈ پر واقع پی آئی اے کے دفتر پر مسلح ہندو انتہا پسندوں نے دفتر کے اندر گھس کرعملے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور دفترکی کھڑکیاں، فرنیچراورکمپیوٹرزتوڑ دیئے۔
حملہ آوروں نے ریزرویشن کاؤنٹرکے شیشے بھی توڑ دیئے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق نئی دلی کے وسط میں واقع دفترپرانتہاپسندوں نے حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور عملے کو ہراساں بھی کیا گیا جس کے بعد انتظامیہ نے عملے کو دفتر چھوڑنے کی ہدایت دی۔
ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن کے مطابق ہندو انتہا پسندوں نے دوپہر کے اوقات نے پی آئی اے کے دفتر پر حملہ کیا اور دفتر میں توڑ پھوڑ کی جب کہ اس دوران حملہ آور انتہا پسندوں نے پاکستان مخالف نعرے بھی لگائے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد ٹاؤن آفس میں صورتحال معمول پر ہے، واقعے سے پی آئی اے کا بھارت کے لیے فضائی آپریشن متاثر نہیں ہوا اور قومی ایئرلائن کی پروازیں مقررہ وقت پر بھارت کے لیے روانہ ہوں گی۔
بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پی آئی اے کے دفتر پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے شدید احتجاج کیا۔ ترجمان ہائی کمیشن منظورمیمن کا کہنا ہے کہ پاکستانی املاک کو سیکیورٹی فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے اس لئے پی آئی اے کے دفتر پر حملہ کرنے والے انتہا پسندوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے نئی دلی میں پی آئی اے کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے کہہ دیا ہے کہ واقعے میں ملوث مجرم انصاف کے کٹہرے میں لائے جائے جب کہ ممبئی اور نئی دلی میں پاکستانی اہلکاروں کو اضافی سیکیورٹی دی جائے اور بھارتی حکومت پی آئی اے کے عملے کا تحفظ یقینی بنائے۔
427 total views, no views today


