پشاور: خیبرپختونخوا کی اپیکس کمیٹی نے سانحہ چارسدہ کی تحقیقات کے لیے کمشنر پشاور کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی جو 5 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ گورنر ہاؤس پشاورمیں گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور آئی جی ایف سی سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور صوبائی وزرا نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گرد حملے کی تحقیقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں گورنر کے پی کے کو بریفگ دی گئی کہ حملے میں ملوث گروہ اور سہولت کاروں کے بارے میں اہم معلومات پر مؤثر کارروائی کی گئی ہے۔
اجلاس میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردی کے حملے کی تحقیقات کا فیصلے کرتے ہوئے کمشنر پشاور کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی جو حملے کے روز کی سیکیورٹی صورتحال اور صوبے کے تمام تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے کر 5 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی جب کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتظامات میں کوتاہی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں افغان سرحد کی مانیٹرنگ مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ صوبے کے تمام تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کو مربوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے کی سیاسی و عسکری قیادت نے عزم کیا کہ دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو بربریت کا نشانہ بناکر پاکستانی قوم کو للکارا ہے جس پر دہشت گردوں کو دندان شکن جواب دیا جائے گا اور معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کے بے رحم قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جب کہ اجلاس کہا گیا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے کامیاب آپریشن کے بعد دہشت گرد بوکھلاہٹ کا شکارہیں اور اسی بوکھلاہٹ میں معصوم بچوں کو ظلم اور بربریت کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب عباسی نے کہا کہ صوبے سے ہر قسم کی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف اندرونی محاذ پر لڑی جانے والی جنگ میں عوام کا تعاون حاصل کرنا نہایت ضروری ہے۔
واضح رہے کہ 20 جنوری کو چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے میں طالب علموں سمیت 20 افراد شہید ہوئے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔
342 total views, no views today


