سوات، خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کھیل وثقافت محمود خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو سپورٹس کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر میں تحصیل سطح پر سپورٹس گراؤنڈز اور سٹیڈیمز کی تعمیر کے منصوبے پر کام جاری ہے جس کے تحت سوات میں خوازہ خیلہ اور بریکوٹ تحصیلوں میں گراؤنڈ ز مکمل ہو چکے ہیں جبکہ بقیہ پانچ تحصیلوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے انھیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا انھوں نے اعلان کیا کہ موجودہ مالی سال کے دوران سوات میں عظیم الشان سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر شروع کردی جائے گی جبکہ ہاکی گراؤنڈ مکانباغ میں آسٹروٹرف نصب کر دیا جائے گا ۔
ہاکی گراؤنڈ مکانباغ میں انڈر23انٹر ڈسٹرکٹ گیمز کی افتتاحی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے اس موقع پر ڈی جی سپورٹس خیبر پختونخوا مس رشیدہ غزنوی،ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود ، ڈپٹی کمشنر سوات عاطف رحمان، معززین شہر اور نوجوانوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صو بے کے کونے کونے میں نوجوانوں اور سکول طلباء و طالبات کو سپورٹس کا سامان فراہم کیا ہے اور گراؤنڈ کٹس بھی دی ہیں جسکی بدولت صوبہ میں نوجوانوں میں ٹیلنٹ کو فروغ ملے گا اور زیادہ سے زیادہ کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر نام پیدا کر سکیں گے ۔انھوں نے اعلان کیا کہ جو بھی کھلاڑی جس بھی کھیل میں عالمی اعزاز حاصل کرے گا اس کو کھیل کی تمام سہولیات صوبائی حکومت فراہم کرے گی انھوں نے انکشاف کیا کہ اس سال مسٹر پاکستان باڈی بلڈنگ مقابلے سوات میں منعقد کئے جائیں گے جس سے نہ صرف تفریح کے مواقع میں اضافہ ہوگا بلکہ نئے کھلاڑیوں کے عزائم بھی بلند ہونگے جبکہ سوات میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا ۔صوبائی وزیرنے کھلاڑیوں اور سپورٹس ایسو سی ایشنز کے عہدیداروں کو تاکید کی کہ وہ کھیلوں سے سیاست کو دوررکھیں اور نئی نسل کو میرٹ پر آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کریں تاکہ صوبہ اور ملک کا نام روشن کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑی آگے آ سکیں ۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے فیتہ کاٹ کر باضابطہ طور پر مقابلوں کا افتتاح کیا اس موقع پر خپل کو رماڈل سکول کے طلباء نے جمناسٹک اور اتنڑ کا شاندار مظاہرہ کیا جبکہ کھلاڑیوں نے دستوں کی صورت میں مارچ پاسٹ کرکے صوبائی وزیر کو سلامی پیش کی ۔محمود خان نے جمناسٹک اور اتنڑ پارٹی کے لیے دس دس ہزار نقد انعام کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر پریس کلب اور سپورٹس اسیوسی ایشنز کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ ہوا جو آخر الزکر نے جیت لیا۔یاد رہے کہ یہ مقابلے تین روز تک جاری رہیں گے جن میں مختلف کھیلوں کے مقابلے شامل ہیں ۔
306 total views, no views today


