راولپنڈی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کے جلسے میں خواتین سے بدتمیزی پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسے معاملات سے نمٹنے کے لیے بہتر اقدامات کیے جائیں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ میں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے یوم تاسیس میں ہونے والے واقعہ پر خواتین سے معافی مانگنا چاہتا ہوں جب کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے جو تصاویر اور ویڈیوز دیکھ کر ذمہ داروں کا تعین کریں گے جنہیں سخت سزا دی جائے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں یوم تاسیس کے موقع پر ایف نائن پارک کارکنان کے لیے بہت چھوٹا پڑگیا تھا لیکن مستقبل میں ہم ان تمام معاملات سے نمٹنے کے لیے بہتر اقدامات کریں گے۔
چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم ایسا واقعہ دوبارہ کبھی نہیں ہونے دیں گے اور میں یقین دہانی کرواتا ہوں کہ لاہور سمیت ہمارے تمام جلسوں میں خواتین کی حفاظت کے لیے اہم اور سخت اقدام اٹھائے جائیں گے۔
واضح رہے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر خواتین سے بدتمیزی کی گئی تھی جس پر پی ٹی آئی کی خاتون رکن نے عمران خان سے تحریری شکایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین سے بدتمیزی کرنے والے ہمارے اپنے کارکنان تھے۔
253 total views, no views today


