مینگورہ، ضلع ناظم محمد علی شاہ نے کہا ہے کہ سوات کی ترقی کیلئے میگا پراجیکٹ زیر غور ہے اور وزیر اعظم پاکستان دورہ سوات کے دوران ملاکنڈ ڈویژن کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے ،ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں سوات پریس کلب کے چیئرمین شہزاد عالم کی قیادت میں نومنتخب کابینہ کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد میں سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر شیرین زادہ ، فنانس سیکرٹری ناصر عالم اور پرویز عالم پاپاشامل تھے ، انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت سوات کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے اور مینگورہ شہر کو ماڈل شہر بنانے کیلئے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ سوات کیلئے مختلف میگا پراجیکٹ زیر غور ہیں جن میں لنڈا کے سے کالام دریائے سوات کے کنارے روڈ ، کالام اور بالائی ہوٹلوں کے نکاسی اب کیلئے خصوصی میکزم ،لنڈاکے ٹو بحرین روڈ کی تعمیر سمیت مینگورہ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت شامل ہے جس کیلئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے دورہ سوات کے موقع پر سپاس نامہ میں پیش کیاجائے گا اور وزیر اعظم ملاکنڈ ڈویژن کے دورہ کے وقت سوات سمیت ڈویژن کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے جس سے سوات کی ترقی کا نیا دور شروع ہوگا ، انہوں نے کہا کہ سوات میں سیاحت کے فروغ کیلئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر کام تیزی سے جاری ہے جس کی تکمیل سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی ۔
446 total views, no views today


