سوات،سوات میں پاکستان تحریک انصاف کو شدید دھچکا ،پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد زیب خان دیگر عہدیداروں اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے،پی کے 86کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی پوزیشن مزید مستحکم جبکہ اے این پی کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے والے امیدوار ڈاکٹر حیدرعلی کوشدید مشکلات کاسامنا ہوسکتا ہے ،وزیر اعظم کے مشیر انجینئرامیرمقام نے محمدزیب خان کو ن لیگ میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ،سوات کے علاقے سنگوٹہ میں وزیر اعظم کے مشیر انجینئرامیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف سوات کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد زیب خان نے شدیدبارش کے دوران اپنے سیکڑوں ساتھیوں کی موجودگی میں تحریک انصاف کی قیادت کو شدید تنقیدکانشانہ بناتے ہوئے پارٹی کو خیرباد کہنے اور مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا محمد زیب خان نے کہاکہ1996میں سوات میں تحریک انصاف کی بنیادرکھی اور 17سال تک جدوجہد کی لیکن افسوس کا مقام ہے
کہ انصاف کا نعرہ لگانے والوں نے انصاف کا قتل کیا انہوں نے کہاکہ وہ ان کے ساتھیوں نے سترہ سال تحریک انصاف کے لئے وقف کرکے بڑی غلطی کی ہے انہوں نے کہاکہ سوات سے کامیاب ہونے والے قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممبران کٹھ پتلی ہیں عوام کی خدمت نہیں کرسکتے ،انہوں نے کہاکہ سوات کے عوام کی بدقسمتی تھی کہ انجینئر امیرمقام کامیاب نہیں ہوسکے لیکن اب تحریک انصاف کا سوات سے جنازہ نکلے گا اور ن لیگ ہی مضبوط قوت بنے گی ،اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام نے محمدزیب خان اور ان کی ساتھیوں کی ن لیگ میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ نوے دنوں میں تبدیلی لانے والے عمران خان نو ماہ میں بھی اپنی کارکردگی نہ دکھا سکے ہیں کبھی نیٹوسپلائی کی بندش کا ڈرامہ رچایا جارہا ہے تو کبھی انصاف کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے اور اب بھی صوبہ خیبرپختونخوا میں کرپشن اور سفارش کلچر اپنی انتہا پر ہے اور سرکاری ملازمتیں فروخت کی جارہی ہیں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نوازشریف کی قیادت میں بہتر پالیسیوں کی وجہ سے ڈالر ایک سو گیارہ روپے سے کم ہوکر سو روپے سے بھی نیچے آیا ہے اور انشاء اللہ مزید بھی اس کی قدرکم ہوگی انہوں نے کہاکہ پانچ سالہ دورحکومت میں قوم کو لوڈشیڈنگ سے بھی نجات دلائی جائے گی انہوں نے کہاکہ افسوس کامقام ہے کہ سوات کے عوام کی جانب سے مینڈیٹ کے باوجود تحریک انصاف کی جانب سے سوات کو وزارت اعلیٰ نہیں دیا گیا بلکہ حدتو یہ ہے کہ تحریک انصاف سوات کے ممبران اسمبلی تو چوکیدار بن کر بیٹھے ہیں انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ 24اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار کو کامیاب بنائیں ۔
485 total views, no views today


