مینگورہ، وزیراعظم کے مشیر انجینئرامیرمقام نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف کل 20مئی بروز جمعہ گراسی گراؤنڈ مینگورہ میں عظیم الشان جلسہ سے خطاب کریں گے جس کے دوران ملاکنڈ ڈویژن کیلئے خصوصی پیکج اوردیگر ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزسوات پریس کلب کے صدر شہزاد عالم کی قیادت میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کا دورہ سوات اورپورے ملاکنڈڈویژن کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا یہی وجہ ہے کہ یہاں کے عوام نے ان کے دورہ سے متعدد امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں اورہمیں یقین ہے کہ عوام کی یہ امیدیں ضرور پوری ہوں گی،انہوں نے کہاکہ 20مئی کو وزیراعظم میاں محمد نوازشریف علاقہ سنگوٹہ میں کڈنی ہسپتال کا افتتاح کرنے کے بعد گراسی گراؤنڈ مینگورہ ایک عظیم الشان جلسہ سے خطاب کریں گے جس کے دوران سوات موٹر وے،درگئی تا کالام ایکسپریس وے ،مینگورہ ،مرغزار ،اسلام پور سوئی گیس منصوبہ ،درگئی تا کالام دریائے سوات کے کنارے روڈ ،سیاحت کے فروغ اور ترقی کیلئے مختلف مقامات پر پکنک پوائنٹ اوربجلی کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے ،انہوں نے کہاکہ کل کے جلسہ عام میں ڈویژن بھر سے پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکن جوق درجوق شرکت کریں گے جبکہ عوام سے بھی اس اہم جلسہ میں بھرپوراندازمیں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔
604 total views, no views today


