اسلام آباد ۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت چترال کے تمام دیہاتوں کو بجلی فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، وزارت پانی توانائی کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرے، مکران ڈویژن کو نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے ٹرانسمیشن لائنز کے منصوبوں پر کام میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت جمعرات کو توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں پورٹ قاسم کیلئے ٹرانسمیشن لائن پراجیکٹ، کول پاور پلانٹس، نیلم جہلم پراجیکٹ، ہائیڈل پاور پراجیکٹس، تربیلا فوراور گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر این ٹی ڈی سی کے ایم ڈی نے اجلاس کو بتایا کہ تمام ٹرانسمیشن لائنز پر کام کو تیز کر دیا گیا ہے۔ پورٹ قاسم پاور پلانٹ تک بجلی فراہم کرنے کیلئے ٹرانسمیشن لائنز 31 اکتوبر کے مقررہ شیڈول سے پہلے ہی مکمل کر لی جائیں گی۔ اس طرح نیلم جہلم اور تربیلا فورکیلئے ٹرانسمیشن لائنز بھی بجلی کی پیداوار کے آغاز سے قبل مکمل لی جائیں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 13 میگاواٹ کا گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دسمبر 2017ءتک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ پوری چترال وادی میں بجلی کی فراہمی کیلئے 5.1 ارب روپے کی لاگت سے دو منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں جن کے پی سی ون پر کام جاری ہے۔ وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی اور پیسکو کو منصوبوں کے پی سی ون پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ چترال کے تمام دیہاتوں کو بجلی کی فراہمی جلد از جلد یقینی بنائی جا سکے۔
(اے پی پی)
1,258 total views, 2 views today