سوات( ) سوات پریس کلب کے صحافیوں کے لئے سوات ماڈل ٹاؤن میں میڈیا کالونی کی منظوری دیدی گئی ، صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے ، ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد نے سوات پریس کلب کے وفدسے ملاقات کے موقع پر کیا، وفد میں سوات پریس کلب کے چیئرمین شہزاد عالم ، سوت یونین آف جرنلسٹس کے صدر غفور خان عادل ، جنرل سیکرٹری سعید الرحمن اور یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری جاوید اقبال میرخانخیل شامل تھے ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ سوات ماڈل ٹاؤن میں صحافیوں کیلئے ایک میڈیا کالونی کی منظوری دیدی گئی ہے جس میں صرف سوات پریس کلب میں رجسٹرڈ صحافی پلاٹس حاصل کرسکیں گے۔وفد ممبران نے ڈاکٹر امجد علی کو صحافیوں کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے بہت جلد ملاقات کریں گے اور ان کے مسائل کی حل کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ سوات میں شروع ماڈل ہاؤسنگ سکیم ایک بہت بڑا سکیم ہے جس سے سوات کے عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس سکیم سے سوات کے لوگوں کو روز گار کے مواقع حاصل ہونگے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ماڈل ٹاؤنز سے سوات کی خوبصورتی میں اور بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کئے ہیں ۔وزیر اعلی کے معاون خصوصی نے کہا کہ ہفتے کے روزوہ بریکوٹ گورنمنٹ ہائی سکول کا افتتاح کریں گے جو کہ ایک ہائی سٹینڈرڈ سکول ہوگا جس میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ لیب اورہائی کوالیفائیڈ اساتذہ ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سکول صوبے کے ہائی سٹینڈرڈ کے سکولوں کی طرز پر بنایا گیا ہے جس پر 6کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے کہا کہ سوات کی عوام چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت ایک بار پھر جیت جائے ۔انہوں نے کہا کہ سوات میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایف ڈبلیوں او کے ساتھ صوبے کی تاریخ میں سرمایہ کاری کے دو بڑے منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں اور ان پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں میں 500،108کنال پر محیط پشاور ماڈل ٹاؤن شامل ہے ۔جس پر 5ارب ڈالر لاگت آئیگی۔جو تقریباً 530ارب روپے کے برابر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹاؤن میں تقریباً 81000رہائشی پلاٹ ہونگے اور 6لاکھ آبادی کو رہائشی سہولت مہیا ہوگی۔اسی طرح 4ارب ڈالر کی لاگت سے 80,000کنال پر مشتمل سی پیک سٹی پر بھی دستخط ہوگئے ہیں۔جو تقریباً424ارب روپے کے برابر ہے۔اس ٹاؤن میں تقریباً62,000رہائشی پلاٹ ہونگے اور 4لاکھ آبادی کو رہائشی سہولیات مہیاں ہوگی۔انہو ں نے کہا کہ ان دونوں پراجیکٹس پر کل 954ارب کی لاگت آئے گی۔جس سے عوام کو فائدہ حاصل ہوگا، ملاقات کے آخر میں سوات پریس کلب کے عہدیداروں نے میڈیا کالونی کی منظور ی پر صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدخصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی اس منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنایا جائیگا ۔
1,140 total views, no views today



