سوات،گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے کہاہے کہ ضروریات کے مقابلے میں ناکافی وسائل ہمیشہ سے ہی عوام کو درپیش مشکلات پر قابو پانے کے سلسلے میں بڑی رکاوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ معروضی حقائق کے پیش نظر ضرورت اس مر کی ہے کہ رضاکارانہ بنیادوں پر سرگرم عمل غیرسرکاری ادارے اور زیادہ فعال انداز سے آگے
بڑھ کر حکومت کی طرف سے خاص طور پر دور دراز کے علاقوں کے عوام کیلئے صحت و تعلیم کے شعبوں میں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے جاری کوششوں میں ہاتھ بٹائیں۔ وہ بدھ کے روز ضلع سوات کے دورہ کے دوسرے مرحلے میں مینگورہ سے متصل ایک خوبصورت مقام اوڈیگرام میں ملک کے ممتاز رضا کار ادارے لائٹن رحمت اللہ بینوولینٹ ٹرسٹ کے زیراہتمام حال ہی میں قائم کردہ امراض چشم کے علاج معالجے کے ایک جدید ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ ہسپتال کو جو کہ اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیاگیاہے اس خوبصورت مقام پر وسیع وعریض اراضی مقامی لوگوں نے تحفے کے طور پر دی ہے اور اس ہسپتال میں آنکھوں کی قرنیے کی پیوندکاری کاپہلا آپریشن اس ماہ کی دو تاریخ کو کیاگیا جو پورے ملاکنڈ ڈویژن میں اپنی نوعیت کی پہلی پیش رفت تھی۔ ٹرسٹ کے وائس چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیوجناب نجم الثاقب نے گورنر کاخیرمقدم کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اس ادارے کو وسیع تر بنیادوں پر جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جلد ہی مزید اڑھائی کروڑ روپے خرچ کریں گے۔ گورنرنے لائٹن رحمت اللہ بینوولینٹ ٹرسٹ کے کردار اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ یقیناً عوام اس نوع کے رضاکار و غیرسرکاری اداروں کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ایسے اداروں کی خدمات کو عوام کے مفاد میں مزید بہتر بنانے کے سلسلے میں بھی ہرممکن قدم اٹھایاجائیگا۔گورنرنے ٹرسٹ کی جانب سے اس اقدام کو ضلع سوات میں ایک بہت بڑی قابل قدر پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہارکیا کہ اس تاریخی وادی میں جو کہ سیاحت کے فروغ کے حوالے سے قومی تشخص کے سلسلے میں متاثرکن کردار کاحامل علاقہ ہے یہ ہسپتال ایک بڑا آثاثہ ثابت ہوگی۔ گورنرنے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا خاص طور پر ملاکنڈ ڈویژن میں حکومت کی جانب سے صحت و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے غیرسرکاری اداروں کے فعال کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے فاٹا میں بھی صحت وتعلیم کے شعبے میں زیادہ موثرکردار کی حامل بنانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غورکررہے ہیں۔ ادارے کے چیف ایگزیکٹیو جناب نجم الثاقب کی جانب سے قبل ازیں پیش کی گئی تجاویز کاحوالہ دیتے ہوئے گورنرنے مستحق مریضوں کی سرپرستی کیلئے 10 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے یہ یقین بھی دلایا کہ ادارے کیلئے زکواۃ فنڈ کی فراہمی کی صورت میں بھی سرپرستی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن قدم اٹھایاجائیگا۔ گورنر کے ہمراہ سابق وزیراعلی پیرسید صابرشاہ کے علاوہ ملاکنڈ ڈویژن کے کمشنر ، ڈی آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ اعلی حکام بھی تھے۔ بعدازاں گورنرنے ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اس کے مختلف حصے دیکھے۔ انہوں نے موقع پر موجود مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی۔ #
388 total views, no views today


