سوات(سوات نیوزڈاٹ کام )ملاکنڈ ڈویژن میں بالعموم اور ضلع سوات میں باالخصوص ہر سال اگست کے مہینے میں یہ افواہ پھیلائی جاتی ہے کہ مختلف علاقوں میں چور رات کو پھرتے ہیں۔ اس سال بھی ضلع سوات کے علاقہ شموزی ، درشخیلہ، چارباغ، منگلورکے متعلق یہ شکایات موصول ہوئے تھے جس پر ضلعی پولیس آفیسر سید اشفاق انور نے شکایات کا فوراً نوٹس لیا اور سوات کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو اس کے خلاف کاروائی کا حکم دیا گیا جس پر تمام ایس ڈی پی اُوز اور ایس ایچ اُوز نے فی الفور کاروائی کرتے ہوئے تحقیقات کی جس سے معلوم ہوا کہ کسی گھرمیں چوری نہیں ہوئی تاہم افواہوں کہ وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے ۔
ضلعی پولیس آفیسر کے ہدایت پر لوگوں کا اعتماد بحال کرنے کے لئے پولیس آفیسران نے مقامی مساجد میں لوگوں کے ساتھ میٹنگز کیں اور علاقہ میں پولیس پیٹرولنگ کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پرچوکیداران سسٹم بھی شروع کروایا۔ تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ رات کو لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کچھ مقامی لڑکے گھروں سے باہر نکل کر شراراتاً مختلف مکانوں میں پتھروغیرہ پھینکتے رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے خوف و ہراس میں اضافہ ہواتا ہم پولیس کی کاروائیوں سے اب ایسی شکایات موصول ہونا بہت کم ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر تمام ایس ڈی پی اُوز اور ایس ایچ اُوزنے علاقہ کے مشران اور ناظمین کو مقامی پولیس سٹیشن اور اپنے موبائلز نمبر دئیے تاکہ کسی بھی شکایات کے لئے ان نمبر زپر ربطہ کریں اور پولیس آفسران کو بر وقت آگاہ کریں۔ علاقہ کے معززین اور ناظمین نے سوات پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہر قسم تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
1,458 total views, no views today



