سوات ( سوات نیوز)کمرتوڑمہنگائی اورٹیکس کے خلاف تحصیل کبل میں مکمل شٹرڈاؤن، احتجاجی مظاہرہ، شدیدنعرہ بازی، کوزہ بانڈئی میں بھی احتجاجی مظاہرہ ہوا، تاجر رہنماؤں کی کال پر تحصیل کبل کے طول وعرض میں تمام کاروباری مراکز مکمل طورپربند، کاروباری سرگرمیاں معطل،تاجروں کی تاریخی ہڑتال، کانجو ڈھیرئی، کوزہ بانڈئی، برہ بانڈئی، ننگولئی اور تحصیل کبل کے بالائی علاقوں میں تاجروں کی یکجہتی کامثالی مظاہرہ، ٹیکس کے نفاذ کی بھرپور مزاحمت کااعلان، آخری حد تک جانے کافیصلہ، تفصیلات کے مطابق تحصیل کبل میں تاجررہنما عبدالغفورکی کال پر تحصیل بھر کے تاجروں نے کمرتوڑ مہنگائی اور زیرغورٹیکس کے نفاذ کے خلاف مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کیا بدھ کے روز کانجوتاشاہ ڈھیرئی وبالائی علاقوں اور کانجو تاننگولئی تمام کاروباری مراکز بند رہیں، اور تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں، تاجروں کی مثالی ہڑتال نے حکام کو پیغام دیاہے کہ وہ علاقے میں کسی قسم کی ٹیکس لاگوکرنے کیلئے ہرگز تیارنہیں ہے اور حکومت کی طرف سے لوگوں پر جو مہنگائی مسلط کی گئی ہے وہ اس کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہوں گے، کبل چوک میں تاجروں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تاجررہنماؤں اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والوں عبدالغفور، فیروزشاہ خان، وکیل احمد کانجو، جواداحمد، حاجی پروانت خان، شاکر اللہ خان، عثمان غنی، عبدالمالک، ذہین خان، حاجی جلات خان، خورشیدکاکاجی، سرداریوسفزئی ایڈوکیٹ، نیازاحمد، محمداقبال اوردیگرنے دوٹوک الفاظ میں ٹیکس کی بھرپور مخالفت کرتے ہوئے مزاحمت کااعلان کیاانہوں نے کہا کہ ٹیکس لاگوکرنے والوں کو ہمارے لاشوں پر سے گزرناپڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل کبل میں مقامی انتظامیہ کی طرف سے تاجربرادری کو تنگ کیاجارہاہے، مختلف محکموں کی طرف سے بھی تاجروں پر دھڑادھڑ جرمانے عائید کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروبار رجسٹریشن کی آڑ میں ٹیکس لاگو کرنے کے لئے راہ ہموار کی جارہی ہے جس کی ہم کسی بھی صورت اجازت نہیں دیں گے، ہم پہلے سے حالات کے متاثرہ لوگ ہیں اور ہم مزیدقربانی دینے کے لئے ہرگز تیارنہیں ہے انہوں نے کہا کہ ٹیکس لاگوکرنے والوں اور تاجروں کوتنگ کرنے والی مقامی انتظامیہ، محکمہ فوڈ، محکمہ حلال فوڈ سمیت دیگر محکمہ جات کے ذمہ داران کان کھول کر سن لیں کہ ہم ان کی مظالم مزید برداشت نہیں کریں گے، آج ہم نے جوہڑتال کی ہے یہ ایک جھلک تھا، انشاء اللہ آئندہ کیلئے مکمل پہیہ بھی جام کردیں گے، انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کا تاجروں کے ساتھ رویہ بھی غیرمناسب ہے معمولی غلطی اورکوتاہی پرناقابل برداشت جرمانے عائید کئے جارہے ہیں۔ اورایک سازش کے تحت علاقے میں تاجروں کو تنگ کرنے کا عمل جاری ہے جو مزید برداشت نہیں کریں گے انہوں نے خبردارکیا کہ انتظامیہ تاجروں کے گریبان سے ہاتھ نکال کر ان کو کام کرنے دے، بصورت دیگر ہم ان کے خلاف ایساہڑتال اوراحتجاج کریں گے، کہ کوئی پرندہ بھی پَر نہیں مارسکیں گے، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور دیگر سرکاری محکموں کے مظالم کے خلاف تحصیل کبل کے تاجربرادری اورسیاسی جماعتیں اورعوام ایک ہی پیج پر ہے، اس موقع پر انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی گئی، واضح رہے کہ تحصیل بھرمیں ہڑتال انتہائی کامیاب رہی، اورتجارتی مراکز اوربازارکی بندہونے کی وجہ سے لوگوں کو اشیاء خوردونوش کی خریداری میں مشکل اورپریشانی کاسامناکرناپڑا۔ تحصیل کبل کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں کوبندکرنے اور ریڑھوں، چھاپڑی فروشوں، قصائیوں کی ہڑتال میں بھرپور شرکت اورہڑتال کامیاب کرانے پرعبدالغفورنے ان تمام کا شکریہ اداکیا۔ اوران کے اتفاق واتحاد پران کو خراج تحسین پیش کیا۔
1,334 total views, no views today



