مینگورہ، سوات کے تمام نجی تعلیمی ادارے کھل گئے،سکولوں میں حاضری نہ ہونے کے برابر تھی ، حاجی بابا گرلز ہائی سکول کے سامنے چیک پوسٹ قائم ،سکولوں کے باہر پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا، سکولوں کی سیکورٹی کے حوالے سے تمام تحصیلوں کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل ۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ پشاور کے بعد سوات کے پرائیویٹ تعلیمی ادارے کھل گئے، پہلی روز سکولوں میں حاضری انتہائی کم رہی ،جس کے وجہ سے اساتذہ سٹاف روم تک محدود رہے جبکہ طلباء آفسردہ چہرے لئے پشاور حملے کے حوالے سے سارا دن گفتگو میں مصروف رہے بعض طلباء ہوم ورک مکمل کرنے میں لگے رہے ، سوات میں مجموعی طورپر 2200سے زائدسرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی ادارے ہیں جن میں 523پرائیویٹ اور 1700کے قریب سرکاری تعلیمی ادارے شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق اس وقت تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں یکم مارچ تک موسم سرما کی تعطیلات ہیں جبکہ پرائیوئٹ تعلیمی اداروں میں بھی زیادہ تر میں دو فروری تک موسم سرما کی تعطیلات ہیں۔ پرائیویٹ سکول منجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر ثواب خان کے مطابق جن پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے امتحانات نہیں ہوئے ہیں وہ سکولز کھلے رہیں گے، اْنہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے جن مطلوبہ انتظامات کا مطا لبہ کیا گیا ہے اْن کو پوراکرنے کی پوری کوشش کرینگے۔ ادھر ڈی سی سوات محمود اسلم وزیر نے کہاہے کہ سوات کے تمام تحصیلوں میں سکولوں کے سیکورٹی کو مانیٹر کرنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دی ہے جو باقاعدہ طورپر سرکاری اور نجی تعلیمی درسگاہوں کا جائزہ لینگے اور سکولوں کے لئے پولیس نفری کے تعیناتی کا جائزہ لینے کے ہدایت کردی ہے ۔
718 total views, no views today


