سوات ، جنرل آفیسر کمانڈنگ مالاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل نادر خان نے کہا کہ سوات کے لوگوں نے اچھے مسلمان اور اچھے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا ان خیالات کا اظہار انھوں نے کانجو میں گرینڈجرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس گرینڈ جرگے میں کانجو کی معزز شخصیات ، سول اور فوجی افسران کے علاوہ علاقے کے مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے لوگوں سے براہ راست بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور سوات کی عوام کا نفع اور نقصان ، ترقی اور تنزلی حتیٰ کہ زندگی کے ہر معاملے اور شعبے میں ان کے مقاصد ایک ہیں جو کسی طور پر الگ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوات کی عوام ہر مشکل اور کٹھن مرحلے میں پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ۔ سوات کینٹ کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوات کینٹ پہلا واحد کینٹ ہو گاجس میں سوات کی عوام کو اعتماد میں لے کر اور مفاہمی بات چیت کے ذریعے بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ حتیٰ الوسع پوری کوشش کی جائے گی کہ معاوضوں کی ادائیگی میں کسی ایک کا بھی حق نہ مارا جائے۔اس موقع پر جی او سی نے لوگوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔ جی او سی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ سوات کا ایک فرد اور مستقل حصہ بن گئے ہیں۔ تقریب کے اختتام میں جی او سی مقامی لوگوں میں گھل مل گئے اور لوگوں سے مصافحہ بھی کرتے رہے۔
510 total views, no views today


