سوات، منگلور تا مالم جبہ روڈ 61 کروڑ روپے کی لاگت سے 2017 میں مکمل ہوگا 35کلو میٹر طویل سڑک کی کشادگی کیلئے کٹائی کا کام 60 فیصد مکمل ہوچکاہے جبکہ بقیہ کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ انکشاف ایکسین ہائی وے سوات عبدالسلام نے چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان کو جمعرات کے روز سڑک کے معائنہ کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈویڑنل مانیٹرنگ آفیسر سکندر خان ، بہادر خان اور منصوبہ کے کنسلٹنٹ کے علاوہ معززین علاقہ بھی موجود تھے۔ ایکسین نے کہا کہ سڑک کی تارکول کی چوڑائی 18فٹ ہوگی جبکہد ونوں طرف ایک ایک میٹر شولڈرز بنیں گے اور اس کو بہترین معیار کے مطابق تعمیر کیاجائیگا۔ سڑک میں ضرورت کے مطابق حفاظتی دیواریں ،پل اور کلورٹس بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تکمیل کے بعد مالم جبہ تک سیاحوں کی رسئای میں بہت سہولت ہوگی اور یہا ں پر گرمیوں کے علاوہ برف باری سے بھی ملکی اور غیر ملکی سیاح لطف اندوز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مالم جبہ میں بہترین ہوٹلوں کی تعمیر بھی جلد ہی مکمل ہوگی جس کے بعد مالم جبہ ایک ترقی یافتہ سیاحتی مقام بن جائیگا جس کے سوات کے لوگوں پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے اور مقامی لوگوں کو باعزت روزگار ملے گا اس موقع پر فضل حکیم خان نے ہدایت کی کہ سڑک میں اعلیٰ ترین میٹریل استعمال کیاجائے اور Specification سے معمولی انحراف بھی برداشت نہیں کیاجائیگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ حکومت میں کام کے معیار پر سمجھوتہ کی گنجائش بالکل نہیں۔ چیئرمین ڈیڈک نے کہا کہ ضلع سوات کے لئے تمام شعبوں خصوصاً سیاحت اور بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی تکمیل سے سوات ضلع کے عوام کی زندگی میں خوشگوار تبدیلی آئیگی جو صحت ، تعلیم ، پولیس، پٹوار اور دیگر شعبوں میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کا معیار زندگی بلند کرے گی۔
655 total views, no views today


