سوات،پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لواری سنو جیپ ریلی کے انعقاد کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں ۔ یہ ریلی پاک فوج ، حکومت خیبر پختونخوااور ما لاکنڈ ڈویژن کی عوام کے باہمی اشتراک سے 28فروری کو لواری ٹاپ پر منعقد کی جا ری ہے ۔ تاریخ میں پہلی بار برف سے ڈھکی ہوئی لواری ٹاپ پر ایک شاندار اور عظیم وشان جیپ ریلی کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ یہ جیپ ریلی ایسی ٹاپ پر منعقد کی جاری ہے جس کے شمال میں چترال اور جنوب میں اپر دیر کے علاقے آباد ہیں اور یہ علاقے تاریخ میں ہمیشہ شدید برفباری کی وجہ سے موسم سرما میں منقطع رہتے تھے ۔ شدید برفباری کے باعث لوگوں کا لواری ٹاپ سے آنا جانا اور رابطہ منقطع رہتا تھا اور اسی وجہ سے بین الاقوامی میڈیا میں لواری ٹاپ کو ”ہیل روڈ” کے نام سے گردانا جاتا ہے ، لیکن اب پاک فوج ، حکومت خیبر پختونخوااور مالاکنڈ ڈویژن کی عوام کے باہمی اشتراک سے اسی ”ہیل روڈ” پر ایک سحر انگیز مہم سر کی جاری ہے ۔تاریخ میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی جیپ ریلی 28فروری کو منعقد کی جائے گی ۔ یہ ریلی چار حصوں پر مشتمل ہوگی اور اس کا کل فاصلہ 20.9کلومیٹر ہے ۔ ریلی کا یہ ٹریک لواری ٹاپ پر لواری ٹنل کے گردونواح میں منتخب کیا گیا ہے ۔ یہ جیپ ریلی سطح سمندر سے 10,230فٹ کی بلندی پر وقوع پذیر ہو گی ۔ اس سال موسم سرما میں لواری ٹاپ کا آمدروفت کیلئے کھلا رہنا پاک فوج کی انتھک محنت اور جد وجہد کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ جس کے لیے چترا ل اور دیر کی عوام کے ساتھ ساتھ دیگر سیاح بھی پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔ اب اس ریلی کے انعقادسے بین الاقوامی سطح پر سیاحوں کیلئے مزید کشش کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں ، جس سے امن وامان کے ساتھ ساتھ سیاحت کو دن دگنی اور رات چوگنی ترقی نصیب ہوگی ۔ جیپ ریلی کا انعقاد اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اب اس خطے میں مکمل امن وامان بحال ہو چکا ہے قومی اور بین الاقوامی سیاح، سیاحت کیلئے پہلے سے کہیں بڑھ کر اس خطے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں ۔ریلی کے موقع پر دیر اور چترال کے مقامی رقص اور دیگر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے۔
720 total views, no views today


