مینگورہ، اصلاحی کمیٹی امن تنظیم ملاکنڈڈویژن کے چیئرمین حاجی محمدزبیرخان نے کہاہے کہ سوات میں امن کے قیام کیلئے پاک فوج ،پولیس اور عوام نے مثالی قربانیاں دی ہیں ،اب اس امن کو قائم رکھنے کیلئے ہمارا آپس میں اتحاد واتفاق نہایت ضروری ہے ،آج کے اس پر مسرت موقع پر شہدا ئے وطن کو یاد رکھنا بھی ضروری ہے ،پاکستان کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں نے اپنا خون دے کر اس چمن کی آبیاری کی جس کی بدولت ہم آج آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں ،ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے آباد اور خوشحال رکھے اور اس کے باسیوں کو کبھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ جشن آزادی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی انعام الرحمن ،حاجی سیف الملوک ،صدر متحدہ ناظم کونسلر اتحاد شعیب خان ،اے ایس آئی عمر زادہ ،محمد رحمن ،شاولی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ،مقررین نے کہاکہ آزادی خدا کی طرف سے ایک لازوال تحفہ ہے اور آزادی کی قدر ان لوگوں کو معلوم ہوتی ہے جو اس نعمت سے محروم ہیں انہوں نے کہاکہ تحریک پاکستان کے قائدین نے دن رات ایک کرکے مسلمانان ہند کیلئے علیحدہ مملکت کی جو جدوجہدکی وہ بے مثال تھی جس کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانان ہند کو آزاد مملکت سے نوازہ، انہوں نے کہاکہ اب یہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اس نعمت خداوند ی کی قدر کریں اور پاکستان کے دشمنوں کیخلاف متحد ہوجائیں، تقریب کے آخر میں شرکاء نے ڈی آئی جی ملاکنڈ اختر حیات خان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی اور ان کی مغفرت کیلئے دعامانگی ۔
790 total views, no views today


