سوات، امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ قائد و اقبال کے پاکستان کو چوروں سے آزاد کرائیں گے ۔ کرپٹ حکمرانوں نے وسائل سے مالا مال ملک کوغربت اور پسماندگی میں دھکیل دیا ہے ۔ مودی کے یاروں سے نجات پائے بغیر پاکستان ہندوستانی خطرے کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ جماعت اسلامی کا تاریخی اجتماع عام سٹیس کو پر کاری ضرب اور اسلامی نظام کی طرف اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ اجتماع عام صوبے کی سیاست میں فیصلہ کن موڑ اور صوبے کی سیاست کا رخ متعین کرے گا ۔ شفا ف قیادت اور مخلص کارکنان کی بدولت جماعت اسلامی ہی پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔کارکنا ن جماعت اسلامی کے پیغام پہنچانے کے لیے ہر دروازے پر دستک دیں ۔عوام اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ وہ سنگوٹہ سوات میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ شوریٰ اجلاس میں جنر ل سیکرٹری جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبدالواسع ، سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان ، وزیر خزانہ مظفر سید ، ممبران قومی وصوبائی اسمبلی ، ڈسٹرکٹ و تحصیل ناظمین اور ممبران شوریٰ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنر ل لیاقت بلوچ خصوصی طور پر شریک ہوئے ۔ اجلاس میں صوبے کے موجودہ صورت حال ، حکومتی کارکردگی اور تنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہاکہ جماعت اسلامی اس ملک میں حکومت اور سیاست پر دین کا تسلط چاہتاہے اور اقتدار کا حصول برائے انقلاب اور تبدیلی چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خاتمے ، ٹیکس نظام کی اصلاح اور ترقیاتی اخراجات کے خاتمے سے پاکستان قرض دینے والا ترقیافتہ ملک بن سکتا ہے ۔ملک سے کرپشن اور بد یانتی کا خاتمہ ہوجائے اور عوام کے غصب شدہ حقوق بحال ہوجائیں تو ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے لیکن حکمران ٹولہ اپنی کرپشن سے بنائی گئی دولت کو بچانے کیلئے متحد ہوچکا ہے ،سیاسی جماعتیں عوام کی بجائے اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑرہی ہیں اور بڑے بڑے لٹیروں نے ان جماعتوں میں پناہ لے رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب سے جماعت اسلامی نے ملک میں کرپشن فری پاکستان تحریک کا آغاز کیا ہے موجودہ و سابقہ حکومتوں میں موجود لٹیروں نے اس کو ناکام بنانے کیلئے کمر کس لی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس تحریک کے دست و بازو بنیں اور اسے کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے متحد ہوجائیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ ملک کی دینی قیادت کو اکٹھا کرکے اقتدار کے ایوانوں پر قابض بدیانت ٹولے سے ملک و قوم کو نجات دلائے ،جماعت اسلامی کا اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کانعرہ عوام کا مقبول نعرہ بن چکا ہے۔
722 total views, 2 views today