سوات، جنر ل سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکمران اور قومی قیادت ملکی مسائل کے حل کے بجائے اپنے چھوٹے چھوٹے مسائل میں آپس میں دست و گریبان ہیں۔پوری ریاستی مشنری اور نظام منتشر ہے ۔ ہم ملک کو اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں ۔ بدقسمتی سے ہمارے حکمران پانامہ لیکس اورآف شور کمپنیوں کی د ھول کی وجہ سے بری طرح متاثر ہو چکے ہیں اور اخلاقی طور پر حکومت کرنے کے اہل نہیں رہے ہیں ۔ اس وقت ملک میں کرپشن کے حمام میں سارے ننگے ہوچکے ہیں صرف جماعت اسلامی کے پاس ایسی صاف ستھری قیادت ہے جو اس وقت ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے ۔ ملک میں کرپشن کا خاتمہ و ہی پارٹی اور قیادت کر سکتی ہے جس کا دامن خود کر پشن سے پاک ہو ۔ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ وکلاء کے مشورے سے 22 اگست کو کرپشن کے خلاف عدالت میں رٹ دائر کریں گے ۔ جماعت اسلامی قومی سطح پر جتنے معاملات ہیں اس میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔وہ سنگوٹہ سوات میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے صوبائی شوریٰ کے اجلاس سے خطا ب کر رہے تھے ۔ اجلاس سے صوبائی امیر مشتاق احمد خان ، جنر ل سیکرٹری عبدالواسع اور نائب امراء نے بھی خطاب کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہمیں اس ملک میں مسلح دہشت گردی کے ساتھ ساتھ معاشی، اخلاقی اور انتخابی دہشت گردی کا بھی سامنا ہے۔ ظالم سرمایہ دار اور اشرافیہ قومی دولت لوٹ کر درجنوں کارخانوں کے مالک بن بیٹھے ہیں اور مزدور کا بیٹا آج بھی تعلیم صحت اور روز گار سے محروم ہے ۔ قوم کے ذہین اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان میرٹ کے قتل عام کی بدولت بے روز گار ، جبکہ حکمرانوں کے نااہل شہزادے اعلیٰ عہدوں پر براجمان ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک سے اسٹیٹس کو ،اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک اس ظلم و جبر کا خاتمہ نہیں ہوجاتا ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بیش بہا قدرتی خزانوں سے مالا مال کررکھا ہے مگر حکمران قرض پر قرض لیے جارہے ہیں ۔ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک آزاد اور خودمختار، پُرامن اور کرپشن سے پاک ملک بنانے کے لیے عوام کو اپنا کردار ادا کرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کا اجتماع عام امیدوں کا مرکز ہے اور اس اجتماع عام کے نتیجے میں جماعت اسلامی کا پیغام عام ہوگا اور ہر گھر تک جماعت اسلامی کی دعوت پہنچے گی ۔
672 total views, no views today


