سوات، ضلع ناظم سوات محمدعلی شاہ نے کہاہے کہ پیرامیڈیکس اسپتالوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کے مسائل کے حل کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ،پیرامیڈیکس پر بھی انسانیت کی بے لوث خدمت کی بھاری ذمے داریاں عائد ہوتی ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نرسنگ سکول سیدوشریف کے آڈیٹوریم میں پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن سیدوگروپ آف ٹیچنگ اسپتال اور پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن ملاکنڈ ڈویژن کی مشترکہ تقریب حلف برادری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن سیدوگروپ آف ٹیچنگ اسپتال کے صدر میاں گل علیم ،چیئرمین ریاض علی شاہ،جنرل سیکرٹری فضل غفاراور کابینہ جبکہ ڈویژنل کابینہ کے صدرنورحلیم خان ،صدرسراج خان ،جنرل سیکرٹری ہارون الرشید اور دیگر اراکین نے اپنی ذمے داریوں کا حلف اٹھایا ،ضلع ناظم محمد علی شاہ نے اپنے خطاب میں نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پیرامیڈیکس کے مسائل کے حل اور ان کے مراعات کے لئے ضلعی حکومت تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی انہوں نے کہاکہ اپ گریڈیشن سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ،انہوں نے کہاکہ پیرامیڈیکس پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہیں کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ مریضوں اور زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات بھی فراہم کریں ،اس موقع پر نومنتخب عہدیداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر دکھی انسانیت اور پیرامیڈیکس کی خدمت کریں گے ۔
512 total views, no views today


