سوات:قومی وطن پارٹی بونیر کے سابق جنرل سیکرٹری اور سابق تحصیل ناظم سید معمبرباچا نے پارٹی تنظیموں اور کارکنوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا،انجینئر امیرمقام کی عوامی خدمت سے متاثر ہوکر ن لیگ میں شمولیت اختیارکررہاہوں ،سوات میں وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر سیکڑوں کارکنوں کی موجودگی میں پرہجوم
پریس کانفرنس اور اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی بونیر کے رہنما سید معمبرباچا نے کہاکہ بیس سال سے قومی وطن پارٹی میں گذارے لیکن پارٹی قائد نے بونیر کی کوئی خدمت نہیں کی ہے ،لیکن پختون لیڈر انجینئر امیرمقام کی عوامی خدمت اور عوام دوست پالیسی سے متاثر ہوکر آج نہ صرف اپنے خاندان بلکہ تمام تنظیموں اور ہزاروں کارکنوں کے ساتھ مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرتاہوں انہوں نے کہاکہ بونیر کے حلقہ پی کے77سے قومی وطن پارٹی کا جنازہ نکل گیا اور اب دیگر علاقوں میں بھی کام کریں گے انہوں نے بونیر کے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انجینئر امیرمقام کے قافلے میں شامل ہوکر ن لیگ کے جھنڈے تلے متحد ہوجائیں ،اس موقع پر انجینئر امیرمقام نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم سیاست کو عبادت سمجھ کرکررہے ہیں اور چونکہ سیدمعمبر باچا بھی عوام خدمت گار ہیں اوران کی ن لیگ میں شمولیت سے پارٹی مضبوط مستحکم ہوگئی ،انجینئر امیرمقام نے کہاکہ اس وقت پاکستان کا سب سے بڑامسئلہ دہشت گردی ہے اور وفاقی حکومت اور وزیر اعظم میاں نواز شریف کی یہ کوشش ہے کہ ملک میں بغیر خون بہائے امن قائم کیا جاسکے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے انصاف کا نام ہی بدنام کردیا ہے اور اب عمران خان کو پارٹی کانام تبدیل کرنا چاہیے انہوں نے کہاکہ حکومت معاشی استحکام اور مہنگائی کے خاتمے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ایک ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے اور انشاء اللہ ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ پانچ سال میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوامیں کرپشن عروج پر ہے جبکہ اس کے باوجود عمران خان خواب خرگوش کے مزے لیکر خوش فہمی میں مبتلا ہیں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی ناانصافی اس حدتک پہنچ گئی ہے کہ خود ان کے ممبران اسمبلی نے فارورڈبلاک بنادیا ہے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی صوبائی حکومت کے لئے شرم کا مقام ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کی سپیشل پولیس فورس کے ہزاروں اہلکار گذشتہ چار ماہ سے تنخواہ سے محروم ہے انہوں نے کہاکہ پختون قوم کودرپیش مسائل کے حل کے لئے ہم مشترکہ جدوجہد کررہے ہیں اور انشاء اللہ ہم ہی حقیقی معنوں میں تبدیلی لاکر دکھائیں گے ،اجتماع سے مسلم لیگ ن بونیر کے صدر سرزمین خان،جنرل سیکرٹری شاہ بخت روزن،مردان کے لیگی رہنما کرنل(ر)شیر افگن خان،سردارجہان اور دراج خان نے بھی خطاب کیا ،اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر انجینئرامیرمقام نے ن لیگ میں شامل ہونے والے سیدمعمبر باچا اوران کے دیگر ساتھیوں کو سبزٹوپی اور پھولوں کے ہار پہنائیں۔
637 total views, no views today


