ریوڈی جنیرو: اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں برونڈی نے پاکستانی ٹیم کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 3 گول کے جواب میں برونڈی نے 4 گول کر کے فائنل میں جگہ بنالی، کھیل کے پہلے ہاف میں پاکستانی بچوں کی جانب سے شاندار کھیل پیش کیا گیا اوربرونڈی کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں نچاتے رہے، پہلے ہاف میں برونڈی کے ایک کے مقابلے میں پاکستان نے 3 گول داغے۔
دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی گرین شرٹس دباؤ کا شکار رہی اور اپنے دفاع کو مضبوط نہ بنا سکی، برونڈی کی جانب سے ایک کے بعد ایک گول کیا گیا اور دوسرے ہاف کے اختتام پر پاکستان کے 3 گول کے جواب میں برونڈی کی جانب سے 4 گول کئے گئے جس کے بعد پاکستانی ٹیم کا اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈکپ کی دوڑ سے سفر ختم ہوگیا تاہم تیسری پوزیشن کیلئے شاہین کل امریکا سے ٹکرائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کوارٹرفائنل میں پاکستان نے فلپائن کو پنلٹی ککس پر 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، پہلے میچ میں قومی ٹیم نے بھارت کو صفر کے مقابلے میں 13 گول اور کینیا کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی تھی جبکہ پاکستان اور امریکا کا میچ ایک ایک گول سے برابر ہوا تھا جس میں پاکستان نے 10 پوائنٹس کے ساتھ کوارٹرفائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔
896 total views, no views today


