مینگورہ ،پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سربراہ محمود خان اچکزئ نے کہا ہے کہ ہم کسی کیخلاف نہیں بلکہ پختونخوا وطن میں امن اور اپنے وسائل پر اختیار چاہتے ہیں ، پختونوں کی 5 ہزار سالہ تاریخ گواہ ہے کہ پختون دہشت گرد نہیں بلکہ امن پسند اور محب الوطن ہیں ، سورۃ رحمان میں جتنی بھی نعمتوں کا ذکر کیا گیا ہے وہ سب پختونخوا وطن میں موجود ہے
اگر ان نعمتوں پر ہمیں اختیار مل گیا تو پھر کوئی بھی پختون بیرون ملک کو مزدوری کیلئے نہیں جائے گا بلکہ دیگر ملکوں سے عوام پختونخوا میں مزدوری کیلئے آئینگے ، پی کے 86 کے عوام اس بار پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے امید وار کو ازمائیں ہم وعدہ کرتے ہیں کہ کبھی بھی اب وطن اور ووٹوں کا سودا نہیں کرینگے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارباغ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری عثمان خان کاکڑ ، پی کے 86 کے امید وار مختار یوسفزئ اور ضلعی رہنما خورشید کاکاجی نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹیج پر صوبائی اور مرکزی قائدین بھی موجود تھے ، محمود خان اچکزئ نے مزید کہا کہ آپ ہمارے پگڑی ، چادر ، زبان اور ٹوپی کی قدر کریں ہم آپ کے شرٹ اور پینٹ کا احترام کرینگے ، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بہت جلد مثالی امن قائم ہونے والا ہے جس سے پاکستان میں بھی امن قائم ہو جائے گا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کیسے اسلام کا قلعہ ہے جسمیں آئے روز پختونوں کی لاشیں گر رہی ہیں حالانکہ اسلام میں ایک بے گناہ شخص کا قتل پورے انسانیت کے قتل کے برابر ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی سلامتی اور بقاء چاہتے ہیں لیکن اپنے حقوق پر کبھی بھی سودا بازی نہیں کر سکتے ، سندھ ، پنجاب کی نعمتیں سندھیوں اور پنجابیوں کو مبارک ہو لیکن ہم پختونخوا کے نعمتوں کا اختیار دیا جائے ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 35 سالوں سے پاکستان میں بارود کو بو چل رہی ہے لوگ جانور بھی حساب کیساتھ مارتے ہیں لیکن پاکستان میں پختون اور عوام بے حساب قتل کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بولان سے چترال تک اگر پختون متحد ہوگئے تو ہمارے جملہ مسائل حل ہو جائینگے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 24 اپریل کو اس بار پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے حق میں فیصلہ کریں۔
507 total views, no views today


