سوات،پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہاہے کہ پاکستان کا استحکام تب ہی ممکن ہے جب ملک میں آئین کی بالادستی قائم اور بیرون ممالک کی مداخلت بند ہوجائے،یہ ملک ہمیں کسی نے خیرات میں نہیں دیا ہے بلکہ اس کی خاطر ہمارے بزرگوں نے خون کی ندیاں بہادی تھیں ،امریکہ اور بھارت ہمارے ملک میں مداخلت بندکردیں ورنہ ان کا حشر بھی پوری دنیاپر قبضہ کرنے والے اسکندر اعظم جیسا ہوگا ،پختون قوم کو کسی نے دہشت گرد ثابت کیا تو توبہ کرکے سیاست ہی چھوڑدوں گا
،پختون قوم کی لاشوں کی قیمتیں جانوروں سے بھی کم ہوگئی ہیں ہم مزید یہ ظلم برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے سوات کے علاقے خوازہ خیلہ کے گراؤنڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری عثمان خان کاکڑ،ڈپٹی سیکرٹری اور حلقہ پی کے86سے ضمنی الیکشن کے امیدوار مختارخان یوسفزئی ،ریاض خان ،خورشید کاکاجی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور سوات میں فوجی چھاؤنی کے قیام کی شدید مخالفت کی ،محمودخان اچکزئی نے کہاکہ پختونخواوطن کی مٹی ہماری ماں کی حیثیت رکھتی ہے جسے آج خطرات لاحق ہیں جس کے لئے ہم پورے پختونوں کو متحد کرنے کے لئے جہدوجہد کررہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ سوات کے عوام پر مظالم ڈھائے گئے اور اب وزیرستان میں آگ جل رہی ہے پختونوں کی لاشیں گررہی ہیں اور ہمارے خون کی قیمت جانور کے خون سے بھی کم تر سمجھی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ پختونوں کو پہلے غیرت مندکہہ کرروس اور دیگر ممالک کے خلاف جہادکے لئے بھجوداگیا اور جب مقصدپورا ہوگیا تو پختونوں کو دہشت گرد قراردیا جارہا ہے جو ہم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہاکہ ہمیں امریکہ اور دیگر ممالک کی خیرات نہیں چاہیے لیکن ہماری خود مختار ی میں مداخلت بندکی جائے انہوں نے کہاکہ پختونخوا وطن ایک لاکھ بچاس ہزار مربع میل جو پنجاب سے بھی بڑھ کرہے لیکن ہمیں اپنے وسائل پر اختیار نہیں دیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ پختونوں کو فرنگی کے خلاف اسلام کے دفاع کی سزادی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ جب تک پنجاب کی طرح پختونوں کو یکساں حقوق نہی ملتے ہم پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگاسکتے ،انہوں نے کہاکہ آئین کی بالادستی تسلیم کرنے والوں کو سلام کرتے ہیں لیکن جو لوگ آئین کو توڑتے ہیں ان کا ہمارے دلوں میں احترام ممکن نہیں ہے انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ تمام پختونخوا وطن کے پختون ایک ہوجائے اور اپنے حقوق کے لئے مشترکہ جدوجہد کریں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حلقہ پی کے چھیاسی میں چوبیس اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں پختونخواملی عوامی پارٹی کے امیدوارمختارخان یوسفزئی کو کامیاب بنائیں ۔
482 total views, no views today


