مدی خیل:۔ مدی خیل کی اولادگنبت، گل بانڈئ میرہ، گانشال، چڑونہ، برتیراج، بازار کوٹ اور چمو میں رہتے ہیں۔ ڈاک سر، مدی خیل اور گوکند کے درمیان مشترکہ پہاڑی ہے۔ مدی خیل پانچ پکے حجروں، کھنڈرو حجرہ، برہ حجرہ، کوز ہ حجرہ اور قونچ حجرہ پر مشتمل ہیں اور ان میں اس کی ذیلی شاخیں پائندہ خیل، بابا خیل، آصف خیل، عمر خیل، غریب خیل، شاہ جان خیل اور دیوان خیل رہتے ہیں۔ مدی خیل کے پانچ پکے حجرے ایک سو پچاس سڑی جائیداد پر مشتمل ہیں۔ گنبت کے تین حجرے کھنڈرو، کوز لورے اور بر لورے کہلاتے ہیں اور ان کی بالترتیب جائیداد پچاس اور پچیس پچیس سڑی ہیں۔ چوتھا حجرہ بازار کوٹ ہے اور پچیس سڑوں پر مشتمل ہے۔ پانچواں حجرہ برتیراج اور چمو ہے، جوکہ بازار کوٹ کے برابر پچیس سڑوں پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ چمو اور بازار کوٹ کی دو سڑی جائیداد گنبت برلوری میں رہ گئی ہے، کھنڈرو حجرہ میں پائندہ خیل آبادہیں۔ کوز لورے آصف خیل اور بابا کور کا ہے۔ اور برلوری میں اکثریتی آبادی پائندہ خیل اور غریبانان کی ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ شخالہ خیل میں ٹانگوڑہ برلورے اور بامے نسب کے لحاظ سے ہم نسب اور خونی رشتہ دار ہیں اور مدی خیل سے تعلق رکھتے ہیں۔
مکی خیل:۔ رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا رقبہ مکی خیل کا ہے۔ اس میں شانگڑہ چلندری، گھوڑی دار، دنگ کوھے، بابا میرہ، بائیرو، پاندھیڑ، کوٹ پاندھیڑ، برہ تھیڑہ، کوزہ تھیڑہ، کس، مشہور اور تاریخی مقام ڈوما، راج کند، بھیم پور، شاھی، شیرعلی، بانگیڑے، سرو گلو جبہ اور خونہ میرہ کے علاقے شامل ہیں۔
مکی خیل کی ساری جائیداد مقامی بولی میں اتہ شلے یعنی ایک سو ساٹھ سڑیہ کہلاتی ہے۔ اسے دو برابر حصوں میں کوز اتیا اور بر اتیا میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تقسیم میں جغرافیائی نشیب و فراز کا خیال بھی رکھا گیا ہے۔ جو علاقے نشیب میں واقع ہیں، انھیں ’’کوز اتیا‘‘ کا نام دیاگیا ہے اور جو اونچائی میں واقع ہیں، انھیں ’’براتیا‘‘ سے یاد کیا گیا ہے۔ مکی خیل میں پاندھیڑ کو مرکزی مقام حاصل ہے۔ اس کی مرکزی حیثیت کی وجہ سے اسے یونین کونسل کا اعزاز حاصل ہے۔ ’’کوز اتیا‘‘ میں بائرو، پاندھیڑ، کوٹ، تھیڑہ، ڈوما، کس، فیزہ، شوکاڑ، مُلا سر اور بانگیڑے وغیرہ قابل ذکر ہیں اور ’’بر اتیا‘‘ میں شانگڑہ، بابافیزہ، راج کند، دنگ کوھے، منزروکوھے، گھوڑی دار، بھیم پور، شاھی، اجلئی اورچلندری وغیرہ شمار کیے جاتے ہیں۔
بابافیزہ، شانگڑہ اور بھیم پور برہ تھیڑ، پاندھیڑ اور بائرو میں مکی خیل کی ذیلی شاخیں، خدی خیل اور سید خیل رہتی ہیں۔ دنگ کوھے، منزرو کوھے اور بانگیڑے میں میاں گان رہتے ہیں۔
اسی طرح کوزہ تھیڑہ میں آزاد خیل کوٹ میں سید خیل آزادخیل، پاندھیڑ میں خدی خیل اور ملیان اور جبو میں سید خیل بستے ہیں۔ مکی خیل کی ذیلی شاخیں، آزاد خیل، سید خیل، جابر خیل، حسام خیل، خدی خیل اور فراز خیل ہیں۔ آزاد خیل تھیڑہ بھیم پور اور کوٹ میں آباد ہیں۔ سید خیل کوٹ، کس اور شانگڑہ میں رہتے ہیں۔ کس میں جابر خیل بھی رہتے ہیں۔ حسام خیل کے مساکن چلندری اور کس ہیں۔ خدی خیل بائرو، برہ تھیڑہ اور کس میں مقیم ہیں۔ نیوپاندھیڑ میں فراز خیل بستے ہیں۔
1,606 total views, no views today


