سوات، ممتاز عالم دین مولانا ڈاکٹرطارق جمیل نے کہاہے کہ لاالہ الااللہ ہماری بنیادجبکہ محمدرسول اللہ ہماری پہچان ہے،سیرت النبی ﷺ ہمارے لئے سانچہ ہے جس میں رہتے ہوئے ہم کامیاب زندگی گذار سکتے ہیں ،پاکستان میں طلاق کی شرح میں خطرناک حدتک اضافہ بھی دین سے دوری کی وجہ سے ہورہا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ کے علاقے گنبدمیرہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مخصوص جگہ میں خواتین کی بڑی تعداد بھی موجودتھی،
اس موقع پر 101مستورات کی جماعتوں کی اللہ کی راہ میں تبلیغ کے لئے تشکیل بھی کردی گئی ، مولانا طارق جمیل نے کہاکہ تبلیغی جماعت نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں اللہ تعالیٰ کے احکامات اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات پہنچانے کے لئے کوشاں ہے کیونکہ یہی دین اسلام کی سمجھ کا راستہ ہے ا نہوں نے کہاکہ نماز ،روزہ اور دیگر عبادات کے ساتھ ساتھ حسن اخلاق ہی کامیاب زندگی کا سرچشمہ ہے کیونکہ محمدمصطفیﷺکی سیرت مبارکہ ہمارے لئے بہترین سانچہ ہے اور اسی سانچے میں رہتے ہوئے ہم دنیا وآخرت کی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح میں والدین کا بڑا داخل ہوتا ہے جس کی بنیادی وجہ دین سے دوری ہے انہوں نے کہاکہ نبی کریمﷺکے حسن اخلاق ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے اورجو لوگ اس دنیا میں ظالم کے خلاف صبر واستقامت کا مظاہرہ کرتے ہیں وہیں اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ والدین اور سسرال والوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اپنے بچوں کی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ہی پرورش کریں تاکہ معاشرے سے بگاڑ کا خاتمہ ممکن ہوسکے انہوں نے اس موقع پر خواتین سے بھی اپیل کی کہ وہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ہی اپنی زندگی گذاریں تاکہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کریں اس موقع پر ہزاروں افراد نے اجتماع سے اللہ تعالیٰ کی راہ میں نکلنے کے لئے اپنے نام لکھوائیں تو دوسری جانب101مستوارات کی جماعتوں کی بھی تشکیل کردی گئی ،جس کے بعد مولاناطارق جمیل نے دین اسلام کی سربلندی اورملک کی سلامتی کے لئے دعا کی اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اورپورے مجمع نے دل کی گہرائیوں سے توبہ بھی کی ۔
503 total views, no views today


