سوات,کالام بویون پن بجلی گھر کی تعمیر میں کروڑوں روپے کے گھپلے ، 11 کے وی ٹرانسمیشن لائن اسٹیل کے کھمبوں کی بجائے دیار کی قیمتی درختوں میں لٹکانے کے باعث جل کر راکھ ہو گئے ، مزدوروں کو سات مہینوں کی اجرت جو تقریباً 40 لاکھ روپے بنتی ہے ابھی تک اداد نہیں کی گئی ، علاقہ کے مکینوں نے 90 ہزار پاور ہاؤس اور 2 لاکھ 44 ہزار روپے بجلی میٹروں کیلئے جمع کئے ہیں
اسکے باوجود بھی بجلی کی سپلائی شروع نہ ہو سکی ، اہلیان علاقہ نے کالام بویون پاور پراجیکٹ میں سنگین بد عنوانیوں پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور دیگر ذمہ داروں کو فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کر دیا ۔ اہلیان بویون کالام نواب ، خان محمد ، حبیب گل ، وزیر زادہ ، امیر خان ، اسلام گل ، عبدالستار ، گل زادہ ، حضرت محمداور سردار حسین نے پن بجلی گھر کی تعمیر میں کروڑوں کے گھپلے بارے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یو ایس ایڈ اور UNHCR کی فنڈنگ سے بویون کالام میں پن بجلی گھر کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا جس میں غیر سرکاری تنظیم نے کروڑوں روپے خرد برد کئے ہیں 11 کے وی ٹرانسمیشن لائن اسٹیل کے کھمبوں کی بجائے دیار کی قیمتی درختوں میں لٹکار کر بچھایا گیا جس سے لاکھوں روپے کے قیمتی دیار کے درخت جل کر راکھ ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ پانی کا چینل انتہائی ناقص اورریت کو بوریوں میں بھر کر بنایا گیا جبکہ اس میں کام کرنے والے مزدوروں کی سات مہینوں کی اجرت جو 40 لاکھ روپے کے لگ بھگ بنتی ہے ابھی تک ادا نہیں کی گئی مزدوروں کے مطالبہ کرنے پر غیر سرکاری تنظیم ایس آر ایس پی افس والے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں اور پراجیکٹ منیجر یہ کہتے ہیں کہ آپ وزیراعلیٰ ، وزیراعظم کے پاس رپورٹ کر لے ، جبکہ چیئرمین RSPN نے اس ادارے کی بنیاد غیر منافع بخش رکھی تھی لیکن اب ایک غیر سرکاری تنظیم نے اسے غیر قانونی کمائی کا ذریعہ بنایا جو کہ نہایت تشویشناک امر ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم نے 90 ہزار روپے پاور ہاؤس کیلئے اور 2 لاکھ 44 ہزار روپے بجلی میٹروں کیلئے اپنی جیبوں سے جمع کئے اس کے باوجودغیر سرکاری تنظیم کی ناقص کارکردگی کے باعث اہلیان بجلی سے محروم چلے آ رہے ہیں جس کی حقیقت انجینئر اسرار بونیر کو معلوم ہے ، اہلیان بویون کالام نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور دیگر ذمہ داروں سے اپیل کی کہ بویون کالام پن بجلی گھر تعمیر کرنے والے غیر سرکاری تنظیم کیخلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اہلیان سے انصاف کیا جائے کیونکہ خیرات کے فنڈ میں کرپشن کرنا غریب عوام کے حقوق پر ڈاکے کے مترادف ہے ۔
677 total views, no views today


