اسلام آباد: ڈی چوک پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے مظاہرہ کرنے والے اہل خانہ پر پولیس نے لاٹھیوں اور آنسو گیس کی برسات کردی جس کے نتیجے میں خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی جانب سے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لئے اسلام آباد کے ڈی چوک پر مظاہرہ کیا جارہا تھا تاہم اعلیٰ حکام کی جانب سے مذاکرات نہ کئے جانے پر مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پر پولیس اہلکاروں نے انہیں روکنے کے لئے ان پر لاٹھی چارج شروع کردیا
جس پر مظاہرین مشتعل ہوگئے، پولیس نے انہیں منتشر کرنے کےلئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جس کے نتیجے میں خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس نے اس دوران آمنہ مسعود جنجوعہ سمیت کئی خواتین کو حراست میں بھی لے لیا گیا جنہیں تھانہ سیکریٹریٹ اور تھانہ خواتین منتقل کردیا گیا جب کہ صورتحال پر قابو پانے کےلئے اینٹی رائٹ فورس سمیت پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی۔
دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف نے مظاہرین پر پولیس تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے آمنہ مسعود سمیت دیگر گرفتار خواتین کو فوری رہا کرنے اور تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے اور نہتے مظاہرین پر پولیس کا تشدد اور غیر مناسب سلوک ناقابل برداشت ہے۔
414 total views, no views today


