سوات،سوات کے علاقے چارباغ میں امن کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق کی بہادری جبکہ آرمی اور پولیس جوانوں کی بروقت کارروائی سے کئی انسانی جانوں کو بچالیا گیا ،خودکش حملہ آور اور ڈاکٹر فاروق کے مابین ہاتھا پائی جاری تھی کہ آرمی اور پولیس کے جوان پہنچے اور حملہ آور کو قابوکرکے کلینک سے ڈاکٹر فاروق اور مریضوں کو بحفاظت نکال لیا گیا
،حملہ آور کو زدوکوب کرنے کے بعد جوانوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر اسے اٹھا کر نیچے پھینک دیا اور اپنے ساتھ ساتھ دوسری قیمتی جانیں بھی بچالیں ،واقعے کا مقدمہ چارباغ پولیس اسٹیشن مین درج کرلیا گیا ہے ،تحصیل چارباغ کے نواحی علاقے سڑہ چینہ میں خود کش حملہ آور کی فائرنگ اور دھماکے سے بال بال بچنے والے ڈاکٹر فاروق نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی چارباغ کے صدراورقیام امن کے لئے پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ رہے ہیں گذشتہ شام جب میں اپنے کلینک میں بیٹھے مریضوں کا معائنہ کررہاتھا کہ اس دوران دہشت گرد نے کلینک میں داخل ہوکر مجھ پہ پستول سے فائرکی کوشش کی جس پر میں نے پستول اس چھیننے کی کوشش کی اور ہم مشت وگریبان ہوگئے ،اتنے میں میرے چچا بھی پہنچے اور جب چیخیں چلانے کی آوازیں گشت کرتے فوج اورپولیس کے جوانوں نے سنیں تو کلینک میں داخل ہوگئے انہوں نے کہاکہ میرے اور خود کش حملہ آور کے درمیان آٹھ منٹ تک لڑائی چلتی رہی جس کے بعد فوج اور پولیس کے جوانوں نے مجھے اور تمام مریضوں کو کلینک سے نکلواکر خودکش حملہ آور کو قابوکرلیا جس نے بعد ازاں خود کو اڑادیا ،انہوں نے کہاکہ اسے پہلے یہ معلوم ہی نہ تھا کہ اس نے خودکش جیکٹ بھی پہنی ہوئی ہے ،اس موقع پر پاک فوج کے نائیک ظہور،سپاہی نصراللہ ،سپاہی عمر اور پولیس کے جوان عمر محمد اور سپیشل فورس کے جوان خان ذادہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ کی شام وہ معمول کے گشت پر تھے کہ ڈاکٹر فاروق کے کلینک میں سے چیخنے چلانے کی آوازیں آئیں جس پر انہوں نے جاکر دیکھا تو ایک حملہ آور جس کا بعدمیں ہمیں پتہ چلا کہ اس نے خودکش جیکٹ پہنی ہوئی ہے جس پر ہم نے اس کو قابوکیا اور ڈاکٹر فاروق سمیت تمام مریضوں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے کو نکلوادیا اور شہادت کا جذبہ لئے خودکش حملہ آور کوقابو کرلیا جب ہمیں پتہ چلا کہ وہ خود کو اڑانا چاہتاہے تو اسے نیچے پھینک دیا جس سے وہ زورداردھماکے سے پھٹ گیا اور یوں ہم نے اللہ کے فضل وکرم سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچالیں جس پر ہم فخر محسوس کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ہم اپنے عوام اور دھرتی کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،امن کمیٹی چارباغ کے چیئرمین حاجی سلطان روم نے اس موقع پر بتایا کہ وہ اور علاقے کے عوام امن کی خاطر پاک فوج اور پولیس کے شانہ بشانہ رہیں گے تاکہ سوات میں بیش بہاقربانیوں کی بدولت قائم امن کر برقراررکھا جاسکے ،دوسری جانب خودکش حملے کا مقدمہ چارباغ پولیس اسٹیشن میں ڈاکٹر فاروق کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے موقع سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی ہے ،دھماکے بعد حالات معمول پر ہیں اور تمام بازار اور دکانیں کھلی ہیں ۔
463 total views, no views today


