لاہور: اداکارہ وینا ملک نے کہا ہے کہ شوہر کے ساتھ مل کر اسپتال اور اسکول بنانا چاہتی ہوں جبکہ خواتین کے حقوق،غربت اور صحت جیسے بنیادی حقوق کے لیے کام کرنا ہمارا خواب ہے۔
لاہور میں شوہر اسد خٹک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وینا ملک نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم سب نے مل کر اسے سنوارنا ہے۔ ان کا کہنا تھا میں اسپتال اور اسکول بنانا چاہتی ہوں جبکہ میری بنیادی دلچسپی خواتین و بچوں کے حقوق،صحت اور غربت کے لیے کام کرنا ہے۔ وینا ملک نے کہا کہ ایسی فلموں میں بطور ادکارہ یا ہدایت کار کام کرنا پسند کروں گی جن میں قومی مفاد کو اجاگر کیا جائے جس طرح دیگر ملکوں کی فلموں میں کیا جاتا ہے۔
بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنے سے متعلق وینا کا کہنا تھا کہ میں نے دنیا کے جن ممالک میں بھی کام کیا وہاں ایک اچھا اور کامیاب وقت گزرا البتہ اب تمام وقت پاکستان کو دینا چاہتی ہوں کیونکہ پاکستان میں میری زیادہ ضرورت ہے اور یہاں کام کرکے زیادہ خوشی ہوگی۔
سیاست میں قدم رکھنے سے متعلق سوال پر وینا ملک نے کہا کہ میں سیاست میں عمران خان سے متاثر ہوں اور مجھے سیاست میں ہمیشہ دلچسپی رہی ہے، یہ ایک ایسا راستہ ہے جس سے ہم بڑے پیمانے پر اپنے لوگوں کی مدد کرسکتے ہیں تاہم ابھی کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اس سیاسی جماعت میں شمولیت کو ترجیح دوں گی جس کا ایجنڈا عوام کی بہتری اور خوشحالی ہو۔
1,050 total views, no views today


