اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم سب کا احتساب چاہتے ہیں صرف نواز شریف کے احتساب سے قوم کا مسئلہ حل نہیں ہوا۔ سپریم کورٹ میں پاناما کیس فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواستوں کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم چوکوں، چوراہوں میں کرپشن کے خلاف لڑائی لڑیں گے، ہم ایوانوں میں بھی لڑیں گے اور عدالتوں میں بھی پیروی کریں گے، انہوں نے کہا کہ پاناما میں موجود 436 افراد کا بھی اب آڈٹ ہونا چاہیے۔ ہم کرپٹ سسٹم، کرپٹ پریکٹس اورکرپٹ قیادت کے خلاف جدوجہد کوجاری رکھیں گے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس اللہ کی طرف سے ایک بے آواز لاٹھی ہے ابھی بہت سے سنگ باقی ہیں جن پر ابھی اس لاٹھی نے گرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف یہی ہے کہ ہم سب کااحتساب چاہتے ہیں اور صرف نواز شریف کے احتساب سے قوم کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ پاناما لیکس میں 436 افراد کے نام موجود ہیں اوروعدہ کیا گیا تھا کہ سب کا آڈٹ کریں گے۔ ان سب کے پتے، تفصیلات موجود ہیں اس لیے نواز شریف کی نا اہلیت کے بعد ان تمام لوگوں کا آڈٹ ہونا ضروری ہے، اگر یہ موقع ضائع کیا تو یقین جانیے پھر کبھی بھی کوئی احتساب کا مطالبہ بھی نہیں کر سکے گا۔
1,199 total views, 4 views today