لاہور: سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی نااہلی سے خالی ہونیوالی نشست این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کا وقت ختم اور ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔لاہور میں حلقہ این اے 120 میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ پولنگ کے آخری گھنٹے میں ووٹرز کا بہت رش دیکھنے میں آیا اور بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ادھر فاطمہ جناح میڈیکل کالج پولنگ اسٹیشن پر سیاسی کارکنوں میں شدید کشیدگی پیدا ہوئی اور پی ٹی آئی اور (ن) لیگی کارکنوں میں تصادم ہوگیا۔ دونوں جماعتوں کے ورکرز نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا اور لاتوں گھونسوں کی بارش کردی۔ گورنمنٹ ڈگری کالج بند روڈ اور دیو سماج روڈ پر بھی مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکن آمنے سامنے آگئے اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔دونوں جماعتوں کے ورکرز کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی اور گالم گلوچ بھی کی گئی۔ صورت حال پر قابو پانے کے لیے رینجرز اور پولیس کی نفری طلب کرلی گئی اور دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو کیمپوں میں دھکیل دیا گیا۔ فوج نے خبردار کیا کہ اگر لڑائی یا تصادم کی صورتحال پیدا ہوئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔الیکشن میں معمر اور معذور افراد نے بھی ووٹ ڈالا جبکہ پولنگ کے دوران پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنان نے زبردست جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔ ووٹرز کو جامع تلاشی کے بعد پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے دیا گیا اور شناختی کارڈ کے بغیر کسی کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ موبائل فون بھی ساتھ نہیں لے جانے دیا گیا۔ حلقے میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور فوج نے مشترکہ گشت کیا۔
1,862 total views, no views today



