(سوات نیوز ڈاٹ کام 22 ستمبر 2017 ٰء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اورپشاورزلمی کے مالک جاوید آفریدی کے درمیان تعلقات میں دراڑ پڑی ہے۔ پی ایس ایل کے دو ایڈیشن میں پشاورزلمی کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی سخت ناراض ہیں جو پشاورزلمی کو خیرباد کہہ کر کراچی کنگز بھی جوائن کرچکے ہیں۔
دونوں کے درمیان ناراضگی کی وجہ تو سامنے نہیں آسکی لیکن ناراضگی اب تک برقرار ہے۔ گزشتہ روز میرانشاہ میں پاک آرمی کے زیراہتمام پاکستان الیون اوربرطانوی میڈیا الیون کے درمیان امن کپ کا کرکٹ میچ کرایا گیا جس میں یونس خان، شاہد آفریدی، عمرگل، جنید خان، انضمام الحق سمیت پاکستان کے کئی سابق اور موجودہ اسٹار کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
شاہد آفریدی نے میچ کے لئے تیار کی گئی کٹ پرپشاورزلمی کا لوگو لگانے سے انکار کردیا۔ شاہد آفریدی گراؤنڈ میں آئے تو ان کی کٹ پر پشاورزلمی کے لوگو کے اوپر پاک آرمی کا لوگو چسپاں تھا جبکہ باقی دیگر کھلاڑیوں کی کٹس پر پشاورزلمی کا لوگو نمایاں تھا۔
1,482 total views, 2 views today