اسلام آباد(این این ائی) سابق وزیراعظم نواز شریف تین ریفرینسزکے خلاف احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوزکے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں دائر کیے گئے تین نیب ریفرنسوں پرسماعت آج ہوگی، سماعت کے دوران پیشی کے لیے نوازشریف احتساب عدالت پہنچ گئے ہیں۔
نوازشریف عدالت میں حاضری لگائیں گے، انہیں ریفرنسزکی کاپیاں فراہم کی جائیں گی۔ نوازشریف کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ ضمانتی مچلکے جمع کروائیں اوراس کے بعد آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی، نوازشریف کو الزامات پڑھ کر سنائے جائیں گے، اور ان سے الزامات کی صحت کے بارے پوچھا جائے گا۔سماعت پر نوازشریف کے وکلا حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کریں گے، جسے عام طور پر قبول کرلیا جاتا ہے۔ سابق وزیراعظم کو اس کے بعد ہر پیشی پرآنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ سماعت کے دوران پہلے گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے اور پھر ملزم یعنی نوازشریف کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔سابق وزیراعظم کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔ عدالت نے سابق وزیراعظم سمیت تمام نامزد ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے جب کہ نواز شریف عدالتی پیشی کے بعد پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔نوازشریف کے خلاف نیب ریفرنسز میں ان کے بچے بھی نامزد ملزم ہیں، ذرائع کے مطابق حسن، حسین اور مریم نواز عدالت میں پیش نہیں ہوں گے اوراگرایسا ہوا تو پہلے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے، اور آخر میں انہیں اشتہاری قرار دے کر معاملہ اس کیس سے الگ کردیا جائے گا۔
1,294 total views, no views today



