کراچی: پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل کو2 سال قبل بھارتی بکیز کی جانب سے دام میں الجھانے کی ناکام کوشش کا انکشاف ہوا ہے، یو اے ای میں انگلینڈ سے سیریز کے دوران مشکوک کالز آنے پر انھوں نے فوراً آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو اطلاع کر دی تھی۔اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کی انتہائی خفیہ دستاویزات افشا ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ان دنوں سخت تنقید کی زد میں ہے، ایک رپورٹ کے مطابق کیوی کپتان برینڈن میک کولم نے حکام کو مشکوک افراد کی جانب سے روابط کی کوشش سے آگاہ کر دیا تھا، اب ایسا ہی انکشاف پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل کے حوالے سے سامنے آیا ہے.
ذرائع نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ2012 ء میں متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ سے سیریز کے دوران عمر اکمل کو ایک بھارتی نمبر سے کئی کالز موصول ہوئیں، وہ مشکوک شخص انھیں خراب کھیل کے عوض رقم دینے کی پیشکش کر رہا تھا، نوجوان بیٹسمین نے رائج طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے فوری طور پر آئی سی سی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کو اس سے آگاہ کردیا، آفیشلز نے ان کے رویے کی تعریف کرتے ہوئے فون نمبر لے کر تحقیقات شروع کر دی تھیں۔
یاد رہے کہ ہر سیریز سے قبل انٹرنیشنل کونسل کے نمائندے پلیئرز کو فکسنگ سے دور رہنے کے طریقے سمجھاتے ہیں، قانون کے تحت مشکوک رابطے کی رپورٹ نہ کرنے والا کھلاڑی بھی سزا کی زد میں آ جاتا ہے۔2012 کی مذکورہ سیریز میں پاکستان نے مصباح کی زیرقیادت انگلینڈ کو ٹیسٹ میں 3-0 سے شکست دی تھی، البتہ اسے ون ڈے میں0-4 اور ٹی ٹوئنٹی میں 1-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اس سیریز کے بعد ہی بورڈ نے محسن خان کو برطرف کر کے ڈیوواٹمور کو قومی ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا تھا۔
818 total views, no views today


