بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر خصوصی واک اور تقریب کا اہتمام کیا گیا جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو گولڈ میڈلز سے بھی نوازا گیا۔
یوم اساتذہ کی تقریب کے مہمان خصوصی معروف سکالرڈاکٹراعجاز شفیع گیلانی تھے جبکہ تقریب میں جامعہ کے ریکٹر ، صدر، نائب صدور، ڈینز ، ڈائریکٹر اور اساتذہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین نے کہا کہ حکومت ، معاشرے اور جامعات کے مابین مربوط تعاون عصر حاضر کی ناگزیر ضرورت ہے کیونکہ اسی میں قوموں کی ترقی کا راز پنہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ استاد کہلانے والے معاشرے کے بہترین افراد ہیں اور آج کے دن کی مناسبت سے ملنے والے طلباء و طالبات کے پیغامات نے سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشروں کی جامعات سے توقعات بڑھ گئی ہیں ۔ مسائل کا حل تعلیم میں ہے اور اس کردار کو بجا طور پر سمجھنا ہو گا۔ استاد کو نہ صرف تدریسی ذمہ داریوں کو نبھانا ہے بلکہ نوجوانوں کی تربیت کے عنصر کو بھی دیکھنا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 56 ملین نوجوانوں کو درست اور تعمیری راستے پر ڈال کر اساتذہ ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ریکٹر جامعہ نے کہا کہ معلم ہونا ایک مشن ہے ، ملازمت نہیں۔
معروف سکالر ڈاکٹر شفیع گیلانی نے کہا ہے کہ استاد اور شاگرد کے مابین رشتے کی مضبوطی کو دہرانا ہو گا، انہوں نے اپنی زندگی میں پیش آنے والے واقعات کی روشنی میں استاد کے مقام کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی فلسفہ تعلیم انسانیت پر مرکزی توجہ دیتا ہے جبکہ دیگر نظام تعلیم طرز معاش پر توجہ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشروں کی تشکیل میں جامعات کا بامعنی کردار اہم ہے اور اسلامی یونیورسٹی جیسے ادارے دوہری ذمہ داری رکھتے ہیں کہ یہاں دینی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جامعہ ڈاکٹر یوسف احمد الدریویش نے کہا کہ 5 اکتوبرکا دن تاریخی ہے کیونکہ اس روز ہم قوم کے معمار یعنی اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اساتذہ قوم کے معمار ہیں یہ وہی لوگ ہیں جو معاشرے کو اعلیٰ اخلاقی قدروں سے روشناس کراتے ہیں۔ انہوں نے اسلامی یونیورسٹی کے اساتذہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دینی تعلیمات کی روشنی میں بہترین ، اعلیٰ اور معیاری تعلیم سے نوجوانوں کے اذہان کو منور کر رہے ہیں۔
اس موقع پر جن اساتذہ کو نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر گولڈمیڈل سے نوازا گیا ان میں جامعہ کی فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کی ڈاکٹر کوثر امتیاز خواجہ ، فیکلٹی آف بیسک اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے ڈاکٹر ممتاز احمد، فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈاکٹر حاضر اللہ ، فیکلٹی آف انجینئرنگ کے ڈاکٹر عمر جاویداور فیکلٹی آف اصول الدین کے ڈاکٹر روح الامین شامل تھے۔ تقریب سے مشیر طلباء ڈاکٹر طارق جاوید نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازیں جامعہ کے خواتین کیمپس میں اساتذہ کے عالمی دن کی مناسبت سے خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت جامعہ کے خواتین کیمپس کی ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخندہ ضیاء نے کی ۔ جبکہ اس واک میں خواتین اساتذہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
1,754 total views, no views today



