جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی آمیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے گماشتوں کو پاکستان میں مزید دیکھنے کو تیار نہیں ہے ،دشمن چور دروازے سے پاکستان اور ختم نبوت پر حملے کررہے ہیں ،کوئی مائی کا لعل ختم نبوت کو چھیڑ نہیں سکتا کوشش کریگا تو مریگا ،صوبائی حکومت نے تمام محکموں کا بیڑا غرق کردیا ہے ،اصلاحات کے نام پر نظام کو خراب کیا جارہا ہے ،مساجد کے بل معاف نہیں کرتے اور علماء کو تنخواہیں دینے کی باتیں کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گراسی گراونڈ سوات میں قاری عبدالباعث مرحوم شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری ،سابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین موجود تھے ۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستا ن میں امن کے قیام کے لئے عوام اور علماء کرام نے بے بہا قربانیاں دی ہے ،مذہبی طبقہ ملک کو بچانے جبکہ سیکولر طبقہ ملک ڈوبنے کے لئے برسر پیکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور بہتر مستقبل کے طرف گامزن ہے ،ملک دشمن عناصر اس کو غیر مستحکم کرنے کے لئے کھیل رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر سی پیک کو متنازعہ بنانے کے کوشش کررہا ہے جس کے لئے وہ دھکمیاں اور امداد بند کرنے کی باتیں کررہے ہیں ۔صوبائی حکومت نے مخلوط نظام تعلیم کو فروغ دے رہا ہے جس سے فحاشی اور عریانی بڑھ جائیگی ۔جلسے میں مسلسل کارکن گو عمران گو کے نعرے لگاتے رہے جبکہ اس موقع پر ضلع سوات بھر سے پانچ ہزار سے زائد مختلف سیاسی جماعتوں سے لوگوں نے مستقفی ہو کر جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔
1,368 total views, no views today



