اسلام آباد(این این ائی) احتساب عدالت نے مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 50،50 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کردیا ہے جب کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم 13 اکتوبر کو عائد کی جائے گی۔
جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز احتساب عدالت میں پیش ہوئیں جب کہ کیپٹن (ر) صفدر کو نیب کی ٹیم نے پیش کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظراحاطہ عدالت میں ایف سی کے ایک ہزاراہلکار تعینات کیے گئے تھے، رینجرز کی گاڑی جوڈیشل کمپلیکس کے باہر موجود تھی تاہم اسے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی، احاطہ عدالت میں لیگی رہنماؤں سمیت تمام افراد کا داخلہ بند تھا تاہم وفاقی وزرا کو اندر جانے کی اجازت تھی۔
سماعت کے آغاز پر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو نیب ریفرنس کی نقول فراہم کردی گئیں۔ کیپٹن صفدر کے وکیل نے عدالت سے ضمانت کی درخواست کی، نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے کیپٹن صفدر کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی گئی کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔ عدالت نے نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منظور کرلی۔
1,414 total views, no views today



