مینگورہ،،سیدومیڈیکل کالج سوات کے طلباء اور ینگ ڈاکٹرز نے فیسوں میں بے جا اضافے اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی غلط پالیسوں کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا ، طلباء اور ڈاکٹروں نے ریلی نکال کر سوات پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا اور کلاسوں کے بائیکاٹ اور 5 جون کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا بھی اعلان کردیا ، مظاہرین نے سیدومیڈیکل کالج
سے سوات پریس کلب تک ریلی نکالی حکومت اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی ، مظاہرے کے بعد سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق احمد ، ڈاکٹر محمد عارف ، ڈاکٹر اکرام ، ڈاکٹر محمد عدنان خان ، صفی اللہ ، ارشد علی اور دیگر نے کہا کہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کی غلط پالیسیوں اور فیسوں میں بے جا اضافے کے باعث سرکاری میڈیکل کالجوں کے طلبہ کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ ہے ، نجی میڈیکل کالجز کا روباری ادارے بن چکے ہیں جسکی وجہ سے سرکاری میڈیکل کالجز کے ذہین طلبہ کی محنت ضائع ہورہی ہے کیونکہ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے طلبہ کو زیادہ نمبرات دیئے جارہے ہیں ،جس کی وجہ سے سرکاری میڈیکل کالجوں کے طلبہ میں احساس محرومی بڑھ رہی ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں سرکاری میڈیکل کالجز کے پرنسپلز کو ممبر بنایا جائے تاکہ طلبہ کے مسائل بروقت حل ہوسکے ، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی خالی اسامیوں پر سب سے پہلے سرکاری میڈیکل کالجوں سے فارغ ڈاکٹرز بھرتی کئے جائے لیکن اس کٹگری سسٹم کو قانون کے ذریعے ختم کردیا گیا ، اب بھر تیوں میں چائنہ اور روس کے میڈیکل کالجوں کے ڈاکٹرز بھرتی کئے جارہے ہیں، ان سارے مسائل کے حل کیلئے صوبہ خیبر بختونخوا کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں کے طلباء اور ینگ ڈاکروں نے مشترکہ طورپر احتجاج شروع کررکھا ہے ، اور 29 مئی کو صوبہ بھر کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ کلاسوں سے بائیکاٹ بھی شروع ہے اور اپنے جائز مطالبات کے حق میں 5 جون کو صوبہ بھر کے سرکاری میڈیکل کالجز کے طلباء اور ینگ ڈاکٹرز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور کے سامنے پر امن احتجاجی دھرنا دینگے ۔
379 total views, no views today


