ضلع سوات میں پہلی مرتبہ روبسٹ فائٹنگ چمپئن شپ مکسڈمارشل آرٹس کا انعقاد کیا گیا ۔چمپئن شپ میں ملک بھر سے مارشل آرٹس کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان تھے۔ چمپئن شپ کے سخت ترین مقابلوں میں ملک بھر کے مختلف شہروں بشمول سوات کی شفیع ٹیم کے سلمان خان ،عمرخان،معاز خان ،عبدالوہاب اور داود شاہ پشاور کی پشاور کمبیک ٹیم کے رفیق افریدی،مظفرخان،بلال خان اور صابر شاہ، فاٹا کی فاٹا ٹیگرز ٹیم کے تواب خان اور ناصر خان، ٹیکسیلاکی زمان مارشل آرٹ ٹیم کے شوکت خان ،سیف اللہ اور زاہد خان، لاہور کی ٹیم ویکٹری کے ارشاد خان،نذیرخان اور فیصل مالک، کراچی کی اشفاق کول ایم ایم اے ٹیم کے زاغان خان ، یونیورسل ایم ایم اے ٹیم کے قادر خان نے نے ٹائٹل اپنے نام کر دیئے۔اس موقع پر چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے کہا کہ آج کا دن سوات کے عوام کیلئے خوشی کا دن ہے کہ انٹرنیشنل پلیرمارشل آرٹ شفیع الرحمان نے سوات کے پر سکون ماحول میں چمپئن شپ کا انعقاد کیا ،ملک بھر کے کھلاڑیوں نے اس میں شرکت کی اور خوبصور ت انداز میں مقابلے کئے۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ سوات اب ہمیشہ کیلئے امن کا گہوارہ ہے اور بدامنی کی تاریک رات ہمیشہ کیلئے ختم ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٓائندہ سوات میں مزید کھیلوں بشمول ہاکی،کرکٹ،فٹ بال،باڈی بلڈنگ،والی بال اور دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوتے رہیں گے اور ملک بھر کے کھلاڑی اپنے صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ سوات کی روایتی مہمان نوازی اور قدرتی حسن سے بھی لطف اندوز ہوتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا مالم جبہ اور کالام کے علاوہ سوات کے دیگر سیاحتی مقامات میں سڑکوں اور دیگر سہولیات کی فراہمی اور سوات موٹر وے بہت جلد مکمل ہوگی جس کے بعد یہاں ملکی اور عالمی سیاح جوق در جوق یہاں آئیں گے اور یہاں کی معیشت میں انقلاب برپاہوگا۔انہوں نے مہمان ٹیموں کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔مہمان کھلاڑیوں نے شاندار مہمان نوازی پر انٹرنیشنل پلیرمارشل آرٹ شفیع الرحمان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے فرمان ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
1,386 total views, no views today



