سوات(سوات نیوزڈاٹ کام)چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی دلی خواہش ہے کہ دینی مدارس کے طلباء کو بھی وہ مقام دیا جائے جو عصری علوم کے طلباء کو حاصل ہے اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد ان کو روزگار کے باعزت مواقع فراہم کئے جائیں۔وہ جمعرات کے روز فارم گراونڈ مینگورہ میں سرکاری سکولوں اور دینی مدارس کے طلباء کے درمیان مختلف کھیلوں پر مشتمل سپورٹس گالا کی اختامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام غیر سرکاری تنظیم PEAD فاؤنڈیشن اور یونیسیف نے کیا تھا۔چیئرمین ڈیڈک نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں علماء اور دینی مدارس کے طلباء کو بھی جدید عصری علوم پر کافی حد تک عبور رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ جدید زندگی کے پیچیدہ مسائل کا حل قرآن و سنت کی روشنی میں موثر طور پر پیش کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عصری علوم میں بھی قرآن و سنت کی تعلیمات کی اہمیت سے غافل نہیں اور اس سلسلے میں بنیادی اقدامات کر رہی ہے۔مثلاً میٹرک تک قرآن پاک کا ناظرہ اور ترجمعہ لازمی قرار دینے کا اقدام اور تعلیمی اداروں میں باجماعت نماز کا نفاذ ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کیلئے دین اور دنیا کی تقسیم بہت نقصان دہ ہے اور ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ ضروری دینی اور دنیاوی علوم پر عبور حاصل کرے ۔اسلام کی رو سے علم کا حصول مردوں اور خواتین کیلئے لازمی ہے۔سپورٹس گالہ میں کرکٹ ،بیڈ منٹن ،رسہ کشی،ریلی ریس اور بوری ریس شامل تھے جو ایک ہفتے پر مشتمل تھا۔فضل حکیم خان نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرعبدالسلام اور PEADفاؤنڈیشن اور یونیسیف کے پروگرام منیجرطارق حیات کے ہمراہ جیتنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔
1,174 total views, no views today



