سوات(سوات نیوزڈاٹ کام)چیئرمین ڈیڈک ایم پی اے فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ مینگورہ میں آبنوشی ،نکاسی اور صفائی منصوبے مکمل ہونے کے بعدعوام کی زندگیوں میں حقیقی انقلاب آئے گا۔ منصوبے مکمل ہونے کے بعد مینگورہ اور سیدو شریف کا نقشہ ہی بدل جائے گاجبکہ عوام کو زندگی کی جدید سہولیات میسر ہونگی ۔وہ گزشتہ روز پی کے 80کے شہری علاقوں میں نکاسی آب کے نالوں اور سڑکوں کے اطرف کی نالیوں کو پختہ اور کشادہ کرنے کے تعمیراتی کاموں کے معائنے کے وقت دکانداروں اور مالکان جائیداد سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم ،انجینئرہائے وے شمشیر باچا،پی ٹی آئی ممبران وعہدیداروں،ضلعی ،تحصیل کونسلرزمعززین شہراور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔فضل حکیم خان نے کہا کہ گزشتہ چار سال سے پی کے 80کو مثالی حلقہ بنانے کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر،حفاظتی پشتوں کی تعمیر،گرین بلٹس کی تعمیر ،خوڑ وں اور نالیوں سے ملبہ ہٹانے وغیرہ کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جن کا مقصد عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنااور نقل و حمل کو آسان بنانا ہے۔انہوں نے سوات خصوصاً مینگورہ سیدوشریف کے معززین اور عوام کو تاکیدکی کہ وہ واسا کے عملے کے ساتھ تعاون کریں اور ہر شہری کو صحت ،صفا ئی اور آبنوشی کے معاملات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ہمارا شہر جدید دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنے کے قابل ہوسکے۔انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ سوات اور شہر کی ترقی کیلئے مشترکہ کوشش کریں اور ایک دوسرے کی عزت کریں کیونکہ دوسروں کی عزت کرنے والے کو خود بھی عزت ملتی ہے۔فضل حکیم خان سرکاری افسران کو خبردار کیا کہ وہ عوام کے خادم بن کر کام کریں ورنہ ان کی سوات میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کوشیش یہی ہے کہ عوام کا ہر جائزمسئلہ ان کے دہلیز پرحل ہوں اورمیرٹ اور انصاف کے مطابق فیصلے ہوں۔
1,184 total views, no views today



