راولپنڈی: فتح جھنگ روڈ پر حساس ادارے کی گاڑی پر خود کش حملے میں 2 فوجی افسروں سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق راوالپنڈی میں فتح جھنگ روڈ پر خود کش بمبار نے خود کو حساس ادارے کی ڈبل کیبن گاڑی سے ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں 2 فوجی افسران اور 3 سویلین جاں بحق ہو گئے جب کہ خود کش حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں حساس ادارے کی گاڑی کے قریب سے گزرنے والے موٹر سائیکل رکشہ کا ڈرائیور بھی جاں بحق ہو گیا جب کہ 2 بھائیوں سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا۔ خود کش حملے میں شہید ہونے والے فوجی افسران کی شناخت لیفٹیننٹ کرنل ظاہر شاہ اور ارشد جب کہ رکشہ ڈرائیور کی شناخت سلیم کے نام سے ہوئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کی جگہ سے خود کش حملہ آور کا سر اور ٹانگ ملی ہے جو شکل سے غیر ملکی معلوم ہوتا ہے۔ دوسری جانب خود کش دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا گھیراؤ کر کے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جب کہ قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے فتح جنگ میں حساس ادارے کی گاڑی پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے وزیر داخلہ چوہدری نثار سے واقعہ کی تفصیلات طلب کر لی ہے۔
458 total views, no views today


