مینگورہ ( خورشید علی) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم کلین اور گرین پاکستان چاہتے ہیں۔ کرپشن سے پاک، کلین اور درختوں سے بھرے گرین پاکستان کے لئے آئندہ انتخابات میں پاکستان کے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے۔ 70 سالوں سے اس ملک اور قوم کے پیسوں کو لوٹنے والوں کا احتساب کریں گے۔ گراسی گراؤنڈ مینگورہ میں ایک بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حکومت میں سب سے پہلے 70 سالوں کو ملک و قوم کو لوٹنے والوں کا احتساب کیا جائیگا۔ اُن سے اس قوم کے کھربوں ڈالرز جو بیرونی ممالک کے بنکوں میں پڑے ہیں، واپس لاکر قوم کی اس لوٹی ہوئی رقم سے اس ملک کو خوشحال بنائیں گے۔ ملک لوٹنے والوں کو ایسی عبرتناک سزا دیں گے کہ آئندہ کوئی بھی شخص پاکستان کا ایک روپیہ چوری کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکے گا۔ ہماری حکومت میں ملک میں تعلیم مفت ہوگئی۔ نجی سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کی فیس حکومت ادا کرے گی۔ ملک میں انصاف اور علاج مفت ہوگا۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملنے تک ریاست بے روزگار الاؤنس دے گی۔ ستر سال سے زائد عمر کے لوگوں کو بڑھاپا الاؤنس دیا جائے گا۔ لوٹی گئی اس ملک و قوم کی رقم کو واپس لاکر وہی رقم اس ملک کے لوگوں پر خرچ کریں گے۔ یہ ملک تیس سال تک ٹیکس فری ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کرپشن ختم ہوچکی ہے اور مصنوعی لیڈر شپ جو میڈیا کو خرید کر ہر وقت ٹی وی پر نظر آرہی ہے، یہ بھی ختم ہونے والی ہے۔ اس وقت ملک کے ایوانوں میں اکثر چور اور لٹیرے بیٹھے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اس ایوان میں مزدور، غریب لوگ آئیں جو چوری کرنے کی بجائے عوام کی بے لوث خدمت کریں۔ ان ایوانوں میں بیٹھے جاگیرداروں نے اس ملک کو بے روزگاری، غربت، لوڈ شیڈنگ اور احساس محرومی کے تحفے دئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں بلا تفریق احتساب چاہتے ہیں۔ ملک لوٹنے والوں کا، لینڈ مافیا کا، شوگر مافیا کا، ڈرگ مافیا کا احتساب جب تک نہیں ہوگا یہ ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔ انتخاب سے پہلے اس ملک میں احتساب ضروری ہے۔ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں اور انتخاب و احتساب ساتھ ساتھ ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آفت زدہ ملاکنڈ ڈویژن کو سی پیک میں شامل کیا جائے۔ جلسہ سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان اور ضلعی امیر محمد امین نے بھی خطاب کیا ۔
2,092 total views, 2 views today