چترال،خیبر پختونخوا کے پارلیمانی سیکرٹری برائے جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات فضل الٰہی نے کہا کہ جنگلی حیات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انکی حفاظت ماحول کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے نہایت ضروری ہے۔ گذشتہ روز چترال میں سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کی طرف سے دئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ نمایاں اور قیمتی جنگلی حیات کا مسکن ہے اور اس مسکن کی حفاظت ضروری ہے۔
انہوں نے برفانی چیتے کے تحفظ کے لئے کام کرنیوالے ادارے سنولیپرڈ فاؤنڈیشن (SLF)کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگلی حیات بالخصوص برفانی چیتے کے حوالے تحقیق اور اسکے تحفظ کے سلسلے میں ادارے کا کام نمایاں اہمیت کاحامل ہے۔ انہوں نے مقامی لوگوں کی شراکت کے ذریعے برفانی چیتے کے تحفظ، مقامی میں لوگوں میں شعور و آگاہی پھیلانے اور جانوروں کو ویکسین کرانے کے اقدامات کی تعریف کی۔ پارلیمانی سیکرٹری نے ادارے کی طرف سے سنو لیپرڈ انٹر پرائز کے نام سے خواتین دستکاری سینٹروں کو لوگوں کی آمدنی بڑھانے میں نہایت اہم قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے صوبے میں ہر ایک شعبے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور جنگلی حیات کے شعبے کو بھی ہر گز نظر انداز نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور غیر سرکاری دونوں شعبے ملکر کام کریں گے تو نمایاں نتائج سامنے آئینگے۔ انہوں نے ایس ایل آیف کے ذمہ داروں سے کہا کہ جنگلی حیات بالخصوص برفانی چیتے کے تحفظ کے سلسلے میں ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے انہیں ارسال کریں جس پر صوبائی سطح پر باقاعدہ میٹنگ کرکے لائحہ عمل تیار کیا جائیگا۔
442 total views, no views today


