راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے فضائی کارروائی کرتے ہوئے کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ ابو عبدالرحمان المانی سمیت 80 سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کی رات ڈیڑھ بجے کے قریب شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے دیگان نامی علاقے میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ فضائی کارروائی ازبک اور دوسرے شدت پسندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔
فضائی حملے میں غیر ملکیوں سمیت 80 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں اکثریت ازبک دہشت گردوں کی تھی۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں کے اسلحہ کے ذخیرے کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔
عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی اس کارروائی میں ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ کے دہشتگرد بھی مارے گئے ہیں جن میں اہم دہشت گرد کمانڈر ابوعبدالرحمان المانی مارا گیا ہے جو کراچی ایئرپورٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل کراچی ایئرپورٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا تھا جس کی ذمہ داری پہلے کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور بعد میں اسلامک موومنٹ آف ازبکستان نے قبول کی تھی۔
393 total views, no views today


