سوات(سوات نیوزڈاٹ کام)کمشنر مالاکنڈ ڈویژن سید ظہیرالاسلام شاہ نے ایم ایس سیدوگروپ آف ہاسپٹلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ارب تیس کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل شدہ نئی عمارت کیلئے دو ارب روپے کی منظور شدہ طبی مشینری اور آلات کی خریداری کیلئے ٹینڈر سمیت تمام انتظامات مکمل کریں تاکہ عمارت اور مشینری کی خریداری15مارچ2018تک ہر لحاظ سے مکمل ہو ں اور 23مارچ کے تاریخی قومی دن اسکا افتتاح کیا جا سکے۔ وہ منگل کے روز سیدو میڈیکل کالج میں اکیڈیمک کونسل ممبران کے اجلاس اور سید و گروپ آف ہاسپٹلز کی عمارت میں منعقدہ بریفنگ کی صدارت کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات عامر آفاق ، پرنسپل ایس ایم سی ڈاکٹر تاج محمد خان، ایم ایس ڈاکٹر جہانگیر، اے سی بابوزئی شہاب خان اور سینئرڈاکٹرز موجود تھے۔ڈاکٹر گلشن حسین فاروقی نے کمشنر مالاکنڈ کو میڈیکل کالج اور سید و گروپ آ ف ہا سپٹلز پر تفصیلی بریفنگ دی اور بعض مطالبات کمشنر کے سامنے پیش کئے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر جمیل خان نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالج کا زیر تعمیر بلاک 288ملین روپے کی لاگت سے مدت تکمیل سے پہلے جون 2018تک مکمل کیا جائے گا جبکہ 1225بستروں کے سیدو میڈیکل گروپ آف ہاسپٹلز کی فیز ون کے پانچ سو بستروں کے ہسپتال کو 15مارچ 2018تک ہر حال میں مکمل کیا جائے گا جس کی عمارت ایک ارب تیس کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی ہے ۔انھوں نے وضاحت کی کہ منصوبہ میں چند ماہ کی تاخیر اسلئے ہوئی کہ اس میں سپلٹ اے سی سسٹم کی جگہ و ی آر ایف سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، کمشنر نے ہدایت کہ 15مارچ تک تمام مشینری کی خریداری اور عمارت کے تمام نو بلاکس بشمول چےئر لفٹ مکمل ہونا چاہئے تاکہ 23مارچ کے تاریخی قومی دن پر ملاکنڈ ڈویژن خصوصاً سوات کے عوام کو یہ عظیم الشان تحفہ دیا جائے ۔ کمشنر نے سید و گروپ آف ہاسپٹلز میں 30سکیورٹی گارڈز اور 22ماہر خاکروبوں کی میرٹ پر فوری بھرتی کی ہدایت کی اور یقین دلایا کہ دکھی انسانیت کیلئے مسیحا کا کر دار ادا کرنے والوں کو تمام ممکن سہولیات تر جیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی۔انھوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کی ایسی خدمت کر یں کہ وہ ہمیشہ ان کو یاد رکھیں اور انہیں دعائیں دیں۔
1,930 total views, 2 views today