سوات (سوات نیوزڈاٹ کام) پاکستان تحریک انصاف سوات کے صدر ایم پی اے فضل حکیم نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف صف بندی کرنے والوں کو شکست کا سامنا ہوگا ، ایم ایم اے مردہ گھوڑا بن چکا ہے عوام نے تحریک انصاف کے خلاف اتحاد بنانے والوں کو شکست دینے کا تہیہ کر رکھا ہے ، الیکشن 2018 میں پورے ملک میں تحریک انصاف کو کامیابی نصیب ہوگی اور عمران خان مستقبل کا وزیر اعظم ہے ، دہشتگردی کو دوام دینے والوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ریجنل اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن سرور محمود خٹک بھی موجود تھے، ایم پی اے فضل حکیم نے کہا کہ مینگورہ میں گیس بحران مصنوعی ہے اصل مسئلہ وفاقی حکومت اور محکمہ سوئی گیس کے درمیان ریٹ کا تعین کرنے میں اختلاف ہے جس کا خمیازہ عوام بھگتنا پڑھتا ہے ، انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف مرکز میں اقتدار میں آکر عمران خان وزیر اعظم ہوں گے تو تمام مسائل حل ہونے کا موقع ملے گا ، انہوں نے کہا کہ جنون کا مقابلہ پیسے والے نہیں کرسکتے ہم نے ہزاروں افراد کو میرٹ کے بنیاد پر روزگار فراہم کیا ، 71کروڑ روپے سوات جیل کے لئے منظور کرائی ، چالیس کروڑ روپے جہانزیب کالج کے لئے منظور کیا اور مینگورہ میں ایک دوسرے کالج کی منظوری جلد ہی ہو جائیگی ، ٹرانسپورٹ اڈہ جات اور سبزی منڈی شہر سے باہر منتقل کی جارہی ہے، پولیس کو سیاسی دباؤ سے آزاد کرایا ، میونسپل پلازہ کے دکانوں کو اوپن ٹینڈر کے ذریعے نیلام کیا جس سے ٹی ایم اے کو فائدہ ہوا ، خپل کور ماڈل سکول کے لئے چالیس لاکھ روپے ، مساجد کیلئے دو کروڑ روپے اور فٹ بال گراؤنڈ کے لئے ساڑھے پانچ کروڑ روپے ، فیملی پارک کے لئے ساڑھے چار کروڑ روپے جاری کی ، انہوں نے حلقے کے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ عوام تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کا موازنہ کریں اور با صلاحیت افراد کے حق اپنا ووٹ استعمال کریں ۔
1,738 total views, no views today



