لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے خلاف فیصلے کے بعد پاکستان میں ترقی کی رفتار رک گئی ہے، مجھے بزدل کہنے والا 2018 کے انتخابات میں کلین بولڈ ہوجائے گا۔لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ لوگوں کا جذبہ دیکھ کر لگ رہاہے کہ پاکستان میں کل الیکشن ہورہے ہیں، مخالفین کے منصوبے دھرے کے دھرے رہ جائیں گے اور مسلم لیگ (ن) دوبارہ کامیاب ہوگی۔ کارکن اپنے دوستوں کو ہمنوا بنائیں اور اتنی بڑی فورس بنائیں کہ مخالفین کو خوف آئے۔نواز شریف نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں ہم نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا اور آج لوڈ شیڈنگ کو دفن کردیا ہے، یہ آسان کام نہیں تھا، ہم مشکل کام ہی میں ہاتھ ڈالتے ہیں اور اسے پورا بھی کرتے ہیں۔ 1999 میں جب مجھے جلا وطن کیا گیا ، پاکستان میں بجلی اتنی تھی کہ ہم اسے برآمد کرسکتے تھے لیکن جب واپس آیا تو ملک میں 20 ،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی تھی۔ شہبازشریف نے کندھے سے کندھا ملاکر میرا ساتھ دیا۔ ہم نے ڈیڑھ سال میں وہ منصوبے مکمل کیے جو 20،20 سال میں مکمل نہیں ہوئے تھے۔
1,834 total views, no views today



