لاہور: آل پارٹیز کانفرنس نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ کو مستعفی ہونے کیلئے 7 جنوری کی مہلت دے دی۔لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کی زیر صدارت مرکز منہاج القرآن میں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، ایم کیو ایم پاکستان، جماعت اسلامی، پی ایس پی سمیت 40 سے زائد سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔ اے پی سی کے 10 نکاتی مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ اے پی سی سانحہ ماڈل ٹاؤن اور ختم نبوت ترمیم کی شدید مذمت کرتی ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشتگردی کا بدترین واقعہ تھا جس میں نواز شریف، شہباز شریف اور رانا ثنااللہ سمیت حکومت پنجاب ملوث ہے جنہوں نے تجاوزات ہٹانے کی آڑ میں سیاسی مقاصد کے حصول کےلیے نہتے لوگوں پر گولیاں برسائیں۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کروڑوں مسلمانوں کے ایمان اور آئین پاکستان پر حملہ ہے، نواز شریف اور ن لیگ اس قانونی دہشتگردی میں براہ راست ملوث ہے جب کہ ایمانی اساس پر حملے کے ماسٹر مائنڈز کے نام تاحال سامنے نہیں لائے گئے، ن لیگ کے اقتدار میں رہنے کا جواز ختم ہوگیا ہے، ختم نبوت ترمیم کے ذمہ داروں کو سزا ملنے تک تنازع برقرار رہے گا، اے پی سی ذمہ دار افراد کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کرتی ہے، جب کہ قومی دولت لوٹنے والے کو کوئی این آر او نہ دیا جائے۔
1,724 total views, 2 views today